حماس کی جدوجہد اور قربانیاں قبلۂ اول اور فلسطین کی تحریک آزادی کاحصہ ہیں۔ قائداعظم کے پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے والوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
حماس کے طوفان الاقصیٰ آپریشن کے دو سال مکمل ہونے پر جماعت اسلامی لاہور کا فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی
لاہور ( انوار الاسلام کمیانہ ) حماس کے طوفان الاقصیٰ آپریشن کے دو سال مکمل ہونے پر جماعت اسلامی لاہور کا فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی ۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی لاہور نے حماس کے تاریخی طوفان الاقصیٰ آپریشن کے دو سال مکمل ہونے پر اہلِ فلسطین اور اہلِ غزہ سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔ شہر بھر میں اضلاع اور یونین کونسلوں کی سطح پر اجتماعات، تقاریب اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا
جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہورضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 67 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی سرپرستی میں جاری اسرائیلی دہشت گردی اور ظلم کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کرتے رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی تمام تر وحشیانہ کارروائیوں، جدید جنگی سازوسامان اور بربریت کے باوجود حماس اور اہلِ غزہ نے بے مثال استقامت اور حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حماس کی جدوجہد، مزاحمت، سیاسی حکمت اور سفارتی بصیرت کو سلام پیش کرتے ہیں۔اس موقع پرسیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور، ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حماس کی جدوجہد اور قربانیاں قبلۂ اول اور فلسطین کی آزادی کی تحریک کا حصہ ہیں۔حکومتِ پاکستان کو اسرائیل کے خلاف کھل کر عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔

پاکستان کو فلسطین کی مکمل خودمختار ریاست کے اصولی مؤقف پر ڈٹ جانا چاہیے۔قائداعظم کے پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے والوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔جو بھی فرد یا ادارہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچے، اُسے عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔اس موقع پر اسکولوں میں بچوں نے فلسطینی بچوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا
جن میں تقاریر، تصویری خاکے، اور دعائیہ اجتماعات شامل تھے۔جماعت اسلامی لاہورنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اہلِ غزہ کے ساتھ ہر سطح پر یکجہتی جاری رکھی جائے گی، اور پاکستان کے عوام کو فلسطین کے حق میں بیدار رکھنے کی مہم مزید تیز کی جائے گی۔