عوامی کمیٹیاں شہر لاہور کے مسائل کے حل میں بھرپور اور فعال کردار ادا کریں گی۔
لاہور(میاں انوار الا سلام کمیانہ)جماعت اسلامی لاہور کی سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس،یونین کونسل سطح پر عوامی کمیٹیاں قائم کرنے کا اعلان گلی، محلوں کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کا حل نکالنے میں جماعت اسلامی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی لاہور کی سیاسی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں شہری سطح پر بڑھتے ہوئے مسائل کے مؤثر حل اور عوامی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے یونین کونسل کی سطح پر عوامی کمیٹیاں تشکیل دینے کا اعلان کیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، صدر سیاسی کمیٹی خالد احمد بٹ، سیکرٹری سیاسی کمیٹی عامر نثار خان سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے اس بات پر زور دیا گیا کہ امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی ہدیات پرعوامی کمیٹیوں کی تشکیل کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور ہر یونین کونسل میں عوامی نمائندگی کو منظم کیا جائے تاکہ شہری مسائل کا بروقت حل ممکن بنایا جا سکے
یہ عوامی کمیٹیاں کسی سرکاری ادارے یا پولیس کے کام میں مداخلت نہیں کریں گی بلکہ تعاون اور اصلاح کی نیت سے پرامن انداز میں مسائل کو اجاگر کریں گی۔
ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ حالیہ ممبر سازی مہم کے دوران ہزاروں نئے افراد جماعت اسلامی میں شامل ہوئے ہیں، جنہیں ان کمیٹیوں میں شامل کر کے مختلف ذمہ داریاں سونپی جائیں تاکہ وہ اپنے علاقوں میں ایک فعال اور مثبت کردار ادا کر سکیں۔
امیر جماعت اسلامی لاہور نے کہا کہ عوامی کمیٹیاں شہر لاہور کے مسائل کے حل میں بھرپور اور فعال کردار ادا کریں گی۔ گلی، محلوں کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کا حل نکالنے میں جماعت اسلامی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی