اسرائیل کا قطر پرحملہ دہشتگردی اور عالمی قوانین کی خلاف وزری ہے

ریجنل نیوز

اسرائیل کا قطر پرحملہ دہشتگردی اور عالمی قوانین کی خلاف وزری ہے۔ اسرائیلی کی مجرمانہ کارروائیوں کے خطے میں سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
 جماعت اسلامی لاہور کا قطر میں اسرائیلی دہشتگردی کے خلاف مال روڈ پر احتجاج سے امیرجماعت اسلامی لاہورضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ و دیگر قائدین کا خطاب اور میڈیا سے گفتگو

لاہور (انوار الاسلام کمیانہ) تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی یومِ احتجاج منایا گیا۔ اس موقع پر مال روڈ لاہورپر ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کی۔

احتجاج میں جماعت اسلامی لاہور نائب امراء ملک شاہد اسلم ، خالد احمد بٹ ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال ، ڈپٹی سیکرٹریز عبدالعزیز عابد ، قیصرشریف ، ، امراء اضلاع لاہورکے علاوہ ہر سطح کے رہنماؤں، کارکنان، اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مظاہرین نے فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا اور “اسرائیل مردہ باد” کے نعرے لگائے۔امیر جماعت اسلامی لاہورضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ اسرائیل کا قطر پر حملہ عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور دہشتگردی کی بدترین مثال ہے۔

یہ قطر کی خودمختاری اور سلامتی پر حملہ ہے، جس پر عالمی برادری کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل خطے میں دہشتگردی کو ریاستی پالیسی کے طور پر استعمال کر رہا ہے، جو ناقابلِ قبول اور قابلِ مذمت ہے۔ جماعت اسلامی قطر سمیت تمام اسلامی برادر ممالک کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت صرف فلسطین یا قطر تک محدود نہیں، بلکہ فلسطین، ایران، یمن اور دیگر اسلامی ممالک کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں روزانہ سینکڑوں فلسطینی شہید ہو رہے ہیں، اسرائیل نے غزہ سٹی پر زمینی حملے کر کے ظلم و بربریت کا طوفان برپا کر رکھا ہے۔

فلسطینیوں کو غزہ سٹی خالی کرنے کا حکم دینا سراسر فسطائیت ہے۔انہوں نے شہداء فلسطین اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی ہر فورم پر مظلوموں کی آواز بلند کرتی رہے گی، اور یہ جدوجہد ظلم
کے خاتمے اور انصاف کے قیام تک جاری رہے گی۔احتجاج کا اختتام فلسطینی شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ یکجہتی کے اظہار پر ہوا

Shares