جائز مطالبات کے حق میں احتجاج کرتے طلباء کی گرفتاریاں ناقابل قبول ہیں ۔ آئین طلباء و طالبات کو اپنے مسائل کے حل کیلیے آواز اٹھانے کی اجازت دیتا ہے۔
پاکستان میں طلباء کی سب سے بڑی تنظیم اسلامی جمعیت طلباء کو دبانے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی ۔
جماعت اسلامی لاہور کا ساندہ روڈ پر اہم اجلاس، ضیاء الدین ا نصاری ایڈووکیٹ کا خطاب ، طلبہ کی گرفتاریوں کی مذمت
لاہور (میاں انوار الاسلام کمیانہ)جماعت اسلامی لاہور کے ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس ساندہ روڈ پر منعقد ہوا، جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کی۔ جامعہ پنجاب اور سائنس کالج کے طلبہ کی گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت ۔
آئی جی پنجاب سے گرفتار طلبہ کی رہائی کامطالبہ۔ اجلاس میں نومبر 2025 میں منعقد ہونے والے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے اجتماعِ عام کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت جاری “بنو قابل” پروگرام کے نئے سیشن 2025-26 کے انٹری ٹیسٹ کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا
جبکہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے سلسلے میں جماعت اسلامی اور الخدمت کے مشترکہ اقدامات پر مشاورت کی گئی۔اس موقع پر ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے طلبہ کے حالیہ احتجاج اور گرفتاریوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جائز مطالبات کے حق میں آواز اٹھانے والے طلباء کی گرفتاریاں ناقابلِ قبول ہیں۔
آئین ہر شہری، خصوصاً طلباء و طالبات کو اپنے مسائل کے حل کے لیے پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کو دبانے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتیں۔ جو قوتیں جمعیت کو مٹانے کی کوشش کرتی رہیں، وہ خود تاریخ کا حصہ بن چکی ہیں۔
ڈھاکہ یونیورسٹی، کراچی یونیورسٹی اور پنجاب یونیورسٹی کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے۔اجلاس میں سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امراء چوہدری محمد شوکت اور خالد احمد بٹ، ڈپٹی سیکرٹریز عبدالعزیز عابد، عامر نثار خان، مرزا شعیب یعقوب، امیر وسطی لاہور احسان بن سلمان اور انچارج بنو قابل لاہور عثمان افضل نے شرکت کی۔