اوکاڑہ (پریس ریلیز)گورنمنٹ گریجویٹ کالج اوکاڑہ کی اولڈ بارنیز ایلمانی ایسوسی ایشن کے آفس کی تزئین و آرائش اور نئے فرنیچر کی فراہمی کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی مسلم لیگی رہنما میاں علی حسن تھے جنہوں نے اپنے مادرِ علمی سے وابستگی کو ایک عملی خدمت میں ڈھال کر قابلِ تقلید مثال قائم کی۔
تقریب میں نائب صدر ایلمانی ایسوسی ایشن و کالم نگار سلمان احمد قریشی، پروفیسر محمد نعیم، پروفیسر ڈاکٹر حسن رضا اقبالی، پروفیسر جنید ثاقب، پروفیسر شکیل امجد صادق، پروفیسر عبیداللہ اور صحافی ملک غلام نبی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر میاں علی حسن نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایلمانی ایسوسی ایشن سابق طلبہ کو اپنے مادرِ علمی سے جوڑنے، طلبہ کی رہنمائی اور مالی معاونت کے ذریعے ایک مثالی کردار ادا کر رہی ہے۔
ہم دامے، درمے، سخنے اس مشن کے لیے صدر پروفیسر عبدالروف کے ساتھ ہیں تاکہ اس ادارے کو مثالی بنایا جا سکے۔صدر ایلمانی ایسوسی ایشن پروفیسر عبدالروف نے آفس کی تزئین و آرائش اور فرنیچر کی فراہمی پر میاں علی حسن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میاں علی حسن نے اپنے مادرِ علمی کے ساتھ جس جذبے سے تعاون کیا ہے وہ نہ صرف قابلِ تعریف بلکہ قابلِ تقلید عمل ہے۔
تقریب کے بعد شرکاء نے ایلمانی ایسوسی ایشن کے اراکین کے ساتھ ایک اہم اجلاس بھی منعقد کیا جس میں تنظیمی امور، تعلیمی معاونت کے منصوبے اور آئندہ اہداف پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔اختتام پر شرکاء نے میاں علی حسن اور ایلمانی ایسوسی ایشن کے فعال کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔