وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت جاری
لاھور۔ بیوروچیف (فیاض مدثر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کی روشنی میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ اسی سلسلے میں 18 ارب 25 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق تھے، جنہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد، ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد بھی شریک ہوئے۔
ترقیاتی منصوبوں کے تحت 583 گلیوں میں 65.4 کلومیٹر طویل سیوریج لائن اور 74.4 کلومیٹر واٹر سپلائی لائن بچھانے کا کام جاری ہے، جبکہ پانی کے ترسیلی نظام کی بہتری کے لیے 3 نئے ٹیوب ویل بھی نصب کیے جا رہے ہیں۔مزید برآں، نکاسی آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے واسا لاہور کو جدید مشینری فراہم کی جا رہی ہے
جن میں 2 جیٹنگ مشینیں، 2 سکشن مشینیں، 2 ڈی واٹرنگ سیٹ، 1 ٹریکٹر بیک ہو، 2 ٹریکٹر ٹرالیاں، 2 ڈی سلٹنگ مشینیں اور 1 فرنٹ اینڈ لوڈر شامل ہیں۔یہ منصوبہ عزیز بھٹی زون کے درجنوں علاقوں کے لیے براہِ راست فائدے کا باعث بنے گا

جن میں غازی آباد، تاجپورہ، پکوڑہ اسٹاپ، دھرم پورہ، فتح گڑھ، سلامر پورہ، بوڑھی محلہ، کینال پارک، قادر کالونی، حاجی پورہ، منظور کالونی، پیر نصیر، جلال کالونی، پیپسی روڈ، امام ٹاؤن، تاج باغ، احمد حسن روڈ، شوکت ٹاؤن، گجر پیر روڈ، سیلی ٹاؤن، الفیصل ٹاؤن بلاکس، ضرار شہید روڈ، طیّب ٹاؤن، چاندیاں، اسماعیل ٹاؤن، یزدانی روڈ، رہبر میڈیکل کالج، وی آر آئی اسپتال، جوڑے پل، پی اے ایف کالونی، غوثیہ کالونی، عسکری IX، اولڈ آفیسر کالونی، صدر راونڈ اباؤٹ، نیو آفیسر کالونی شامل ہیں۔
مزید یہ کہ ٹرنک سیوریج منصوبہ ہربنس پورہ تا کراچی پھاٹک صدر کینٹ بھی لاہور ڈویلپمنٹ پلان کا اہم حصہ ہے، جس پر 4 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے 7 کلومیٹر طویل ٹرنک سیوریج لائن بچھائی جا رہی ہے، جب کہ 125 کیوسک کے ڈسپوزل اسٹیشن کی تنصیب بھی کی جائے گی۔
صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تمام منصوبوں پر کام کے معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔جبکہ خواجہ سعد رفیق نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ شہری جلد از جلد سہولیات سے مستفید ہوں۔
وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد نے کہا کہ شہریوں کی سہولت واسا لاہور کی اولین ترجیح ہے، اس لیے تمام ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں گے تاکہ عوام کو بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں۔