وزیر اعلیٰ پنجاب کے سمارٹ سٹی ویژن کے تحت پنجاب کے تمام واساز میں جدید آئی ٹی اصلاحات کے نفاذ کے لیے اہم پیش رفت۔
لاہور۔ بیوروچیف (فیاض مدثر) واٹر آپریٹر پارٹنرشپ پروگرام کے تحت واسا لاہور، واسا مری، اوکاڑہ، ساہیوال اور حافظ آباد کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
اس سلسلے میں واسا ہیڈ آفس لاہور میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کی۔
تقریب میں ڈائریکٹر جنرل واسا پنجاب طیب فرید، ڈپٹی سیکرٹری ہاؤسنگ ولید بیگ ، ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد، ایم ڈی واسا مری محمد حسنین، ایم ڈی واسا اوکاڑہ عبد الوحید، ایم ڈی واسا ساہیوال تنویر قیصر، ایم ڈی واسا ننکانہ رانا عادل فاروق ،اور ایم ڈی واسا حافظ آباد سہیل اسلم سندھو سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔ ڈائریکٹر مدثر جاوید نے شرکاء کو مفاہمتی یادداشت کے خدوخال پر تفصیلی بریفنگ دی
بریفنگ میں بتایا گیا کہ فنانس، ریونیو، کال سنٹر، کمپلینٹ مینجمنٹ، فنانشل مینجمنٹ سسٹم، وہیکل ٹریکنگ، لائیو کیمرہ مانیٹرنگ اور واٹر میٹر سسٹم کو مربوط کیا جائے گا۔ اسی طرح واساز کے جی آئی ایس انفراسٹرکچر، ایس ڈی جیز کے اہداف اور رئیل ٹائم بنکنگ سسٹم کو ترجیحی بنیادوں پر نافذ کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بارشوں سے قبل تمام واساز میں ڈیجیٹل رین گیجز اور رین ڈیش بورڈز سنٹرلائزڈ لیول پر فعال کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ڈسپوزل اسٹیشنز، ٹیوب ویلز، انڈرپاسز اور اہم سورنگ پوائنٹس کو سکاڈا سسٹم پر منتقل کیا جائے
جبکہ 1334 شکایات سسٹم کو بھی صوبہ بھر کے واساز کے لیے سنٹرلائزڈ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ واسا کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن نہ صرف سروس ڈیلیوری کو مزید مؤثر بنائے گی بلکہ عوام کو بروقت اور شفاف سہولیات فراہم کرنے میں بھی سنگ میل ثابت ہوگی۔