تمباکو نوشی پارکس میں منع ہے

پارکس میں تمباکو نوشی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کا فیصلہ

ریجنل نیوز

پی ایچ اے کا پارکس میں تمباکونوشی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ، خلاف ورزی پر پولیس کے حوالے کیا جائے گا

لاہور( میاں انوار الا سلام کمیانہ) تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور محکمہ ہاؤسنگ کی ہدایات کی روشنی میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور نے شہر کے تمام عوامی پارکس کو مکمل طور پر نو سموکنگ زون قرار دے دیا ہے

اور اس فیصلے پر موثر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈی جی پی ایچ اے منصور احمد کی ہدایت پر لاہور کے پارکس کے داخلی و خارجی راستوں سمیت اندرونی مقامات پر “نو سموکنگ” کے واضح سائن بورڈز نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو تمباکو نوشی سے متعلق آگاہی فراہم کی جا سکے.

محکمہ ہاؤسنگ کی جانب سے چند روز قبل صوبہ بھر کے پارکس کو نو سموکنگ زون قرار دینے کا اعلان کیا گیا تھا جس پر اب عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ ڈی جی پی ایچ اے منصور احمد نے کہا ہے کہ پارکس میں تمباکونوشی کرنا تمباکونوشی آرڈیننس 2002 کے تحت قابل سزا جرم ہے۔

خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ فرد کو موقع پر ہی پولیس کے حوالے کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈی جی پی ایچ اے منصور احمد نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پارکس میں تمباکو نوشی سے اجتناب کریں اور صاف، صحت مند و خوشگوار ماحول قائم رکھنے کے لیے پی ایچ اے سے تعاون کریں۔

Shares