لاہور۔ ڈیلی ٹائمز(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانیوں کیلئے یورپ میں روزگار کے دروازے کھل گئے، پاکستان اٹلی سے نوکریوں میں ساڑھے 10 ہزار کا کوٹہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ وزارت اوورسیز پاکستانیز کے مطابق اٹلی نے پاکستان کو آئندہ 3 سال کیلئے نوکریوں میں کوٹہ الاٹ کر دیا ہے، اگلے تین سال تک ہر سال 3500 پاکستانی روزگار کیلئے اٹلی جائیں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ہر سال 1500 سیزنل کوٹہ، 2 ہزار نان سیزنل کوٹہ پر اٹلی جائیں گے وفاقی وزیر چوہدری سالک نے اٹلی سے نوکریوں میں کوٹہ الاٹ کرنے کی درخواست کی تھی۔ ترجمان وزارت اوورسیز پاکستانیز کے مطابق شپ بریکنگ، ہیلتھ کیئر، زراعت کےشعبوں میں کوٹہ الاٹ کیا گیا، پاکستانی ہنر مندو نیم ہنر مندورکرز ان شعبوں میں روزگار کیلئے اٹلی جائیں گے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اٹلی یورپ کا پہلا ملک جس نے پاکستان کیلئے نوکریوں میں کوٹہ الاٹ کیا ہے پاکستان اور اٹلی کے جوائنٹ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس فروری 2026 میں ہوگا۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک نے کہا کہ اٹلی کا پاکستان کیلئے نوکریوں میں کوٹہ مختص کرنا اہم سنگ میل ہے، اٹلی میں پاکستانی ورک فورس کیلئے روزگار کے دروازے کھلنے جارہے ہیں۔