محکمہ ایکسائز پنجاب کی شاندار کارکردگی سے 53.6 ارب روپے کی ریکارڈ ریکوری ہوئی
لاہور(فیاض مدثر) رپورٹ کے مطابق محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن نارکوٹکس کنٹرول پنجاب نے مالی سال میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 53.6 ارب روپے کی تاریخی ریکوری کر لی ہے۔
جو 55 ارب روپے کے سالانہ ہدف کا 98 فیصد بنتی ہے۔ محکمے کی تاریخ میں پہلی بار 50 ارب روپے کا سنگ میل عبور کیا گیا ہے جو کہ ریونیو جنریشن کے حوالے سے ایک نئی مثال ہے۔
یہ اعداد و شمار ڈائریکٹر جنرل ایکسائز پنجاب محمد عمر شیر کی زیر صدارت منعقدہ ڈائریکٹرز کانفرنس میں پیش کیے گئے۔ کانفرنس میں تمام ریجنز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا
جس کے دوران فیصل آباد، گوجرانوالہ اور لاہور ریجنز کو نمایاں قرار دیا گیا۔ صرف جون کے مہینے میں ہی 2.69 ارب روپے سے زائد کی وصولی کی گئی۔ ڈی جی ایکسائز محمد عمر شیر نے تمام ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ مائیکرو لیول پر پلاننگ کے ذریعے 100 فیصد ریکوری کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ گاڑیوں، ہیوی مشینری اور ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے اور ہر گاڑی کی فوری و لازمی رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈی جی محمد عمر شیر نے مزید کہا کہ ٹیکس وصولی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

تمام ریجنل ڈائریکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ ٹیم ورک، موثر نگرانی اور فیلڈ وزٹس کے ذریعے کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے، ہر ڈویژن کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے مائیکرو پلانز تیار کرے تاکہ مقررہ ہدف کی 100 فیصد تکمیل ممکن ہو سکے۔
محمد عمر شیر نے کہا کہ محکمے کی یہ کامیابی ٹیم ورک، موثر پالیسی اور فیلڈ میں عملی اقدامات کا نتیجہ ہے جسے آئندہ بھی برقرار رکھنے کے لیے تمام افسران مزید جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ کام کریں۔
