پشاور سی ٹی ڈی نے ڈی آئی خان ریجن میں کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام
لاہور۔ ڈیلی ٹائمز(مانیٹرنگ ڈیسک) نجی چینلز کے مطابق سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ڈی آئی خان ریجن میں شیخ یوسف خیمہ بستی سے خاتون خودکش حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار خاتون خودکش حملہ آور کا تعلق وزیرستان سے ہے۔ خاتون سے 30 بور پستول، موبائل فونز، ٹیبلٹ اور دہشت گردی حملے میں استعمال ہونے والا سامان برآمد کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ خاتون خارجی شاہ ولی عرف طارق کوچی کی دست راست اور اس سے تربیت حاصل کرتی رہی ہے۔
خودکش حملہ آور خاتون نے دوران تفتیش کہا کہ حملے کے لیے سامان اور ٹارگٹ خارجی کمانڈر عاصم نے فراہم کرنا تھا۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار خاتون کے موبائل سے کالعدم تحریک سے رابطے اور خودکش حملے کی معلومات ملی ہیں۔