اپریل 4, 2026
وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرول کی قیمت میں نمایاں کمی کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو بڑا ریلیف دینے کی خوشخبری سنائی دی
اسلام آباد۔ ڈیلی ٹائمز۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا پٹرول کی قیمتوں میں یکدم بڑی کمی کا اعلان۔وفاقی دارالحکومت میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت شدید معاشی دباؤ اور عالمی سطح پر تیل کی بڑھتی قیمتوں جیسے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے اثرات پاکستان پر بھی پڑ رہے ہیں، تاہم حکومت نے کوشش کی ہے کہ اس بوجھ کو عوام تک منتقل نہ ہونے دیا جائے۔ وزیراعظم کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں کے دوران قومی خزانے سے 129 ارب روپے کی سبسڈی دے کر عوام کو مہنگائی کے بڑے طوفان سے بچایا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت عام آدمی کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور اسی لیے مختلف شعبوں میں ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 378 روپے مقرر ہوگی۔
مزید برآں موٹرسائیکل سواروں کو 100 روپے فی لٹر سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ مال بردار گاڑیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ پبلک ٹرانسپورٹ بسوں کے لیے ماہانہ ایک لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی تاکہ کرایوں میں اضافہ نہ ہو۔
وزیراعظم نے یہ بھی واضح کیا کہ ٹرینوں کی اکانومی کلاس کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا تاکہ عام مسافروں کو ریلیف ملتا رہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی وسائل محدود ہونے کے باوجود حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوامی مشکلات کم کی جا سکیں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے عالمی حالات کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جلد خطے میں امن قائم ہوگا۔ وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو ہدایت دی کہ وہ اپنی 6 ماہ کی تنخواہیں قومی خزانے میں جمع کروائیں تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔
