محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کا گاڑیوں کی رجسٹریشن کے حوالےسے جدید نظام متعارف کروانےجا رہا ہے ڈی جی ایکسائز پنجاب عمر شیر چھٹہ
لاہور(فیاض مدثر) اب گاڑیوں کا نمبر براہ راست مالک کے شناختی کارڈ سے منسلک ھو گا محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبر کے حوالے سے ایک جدید نظام متعارف کروانے جا رہا ہے جس کے تحت ہر گاڑی کا رجسٹریشن نمبر براہ راست مالک کے شناختی کارڈ سے منسلک ہوگا ڈی جی ایکسائز پنجاب عمر شیر چھٹہ کی بریفنگ۔
اس نظام کے تحت گاڑی فروخت کرنے کی صورت میں پرانا مالک اپنا رجسٹریشن نمبر اپنے پاس محفوظ رکھ سکے گا جبکہ استعمال شدہ گاڑی کے خریدار کو موٹر رجسٹرنگ اتھارٹی کی جانب سے نیا رجسٹریشن نمبر الاٹ کیا جائے گا۔ غیر استعمال شدہ رجسٹریشن نمبر زیادہ سے زیادہ دو سال تک محفوظ رکھا جا سکے گا
تاہم ایک ماہ کی تاخیر سے نیا نمبر الاٹ کرنے کی صورت میں اضافی فیس ادا کرنا ہوگی۔ عوام الناس کو اس حوالے سے مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی گاڑیاں اپنے نام ٹرانسفر کروائیں کیونکہ یکم ستمبر سے اضافی فیس کا نفاذ کیا جا رہا ہے جو گاڑیوں کی ٹرانسفر کے وقت لازمی طور پر ادا کرنا ہوگی۔
اگر کوئی شخص اپنی گاڑی فروخت کر چکا ہے اور خریدار نے اب تک گاڑی اپنے نام ٹرانسفر نہیں کروائی تو ایسی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1035 پر اطلاع دیں تاکہ گاڑی کو معطل کیا جا سکے اور کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔
گاڑیوں کی رجسٹریشن کے جدید نظام کے نفاذ سے نہ صرف عوام میں ذاتی رجسٹریشن نمبر کے حوالے سے اعتماد میں اضافہ ہوگا بلکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی ٹریفک اور سکیورٹی معاملات میں مزید سہولت میسر آئے گی