لاہور۔ ڈیلی ٹائمز بیوروچیف(فیاض مدثر )لاہوریوں اور سیاحوں کیلئے خوشخبری ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت پی ایچ اےلاہور کی جانب سے شپ ریسٹورنٹ منصوبے پر تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، اس منصوبے پر رواں مالی سال میں ہی کام مکمل کر لیا جائے گا۔
منیجنگ ڈائریکٹرپی ایچ اے لاہور راجہ منصور احمد نے منصوبہ کے دورہ کے موقع پر تفصیلات سے آگاہ کیا ڈائریکٹر فنانس احمد سعید منج ،ڈائریکٹر انجینیرنگ عثمان ریاض نے بھی بریفنگ دی ۔ ایم ڈی پی ایچ اے راجہ منصور احمد نے بتایا کہ لاہور کینال شپ ریسٹورنٹ منصوبے پر عملی کام شروع ہو چکا ہے نہر کی گہرائی 7 فٹ بڑھا کر 13 فٹ اور چوڑائی 30 فٹ کی جا رہی ہے ۔
لاہوریوں کے لیے تفریح کے موقع سے بھرپور اس پراجیکٹ کے کنسلٹنٹ نیسپاک ہے منصوبہ کے حوالے سے اریگیشن ڈیپارٹمنٹ کو بھی آن بورڈ رکھا گیا ہے ۔ایم ڈی پی ایچ اے لاہور راجہ منصور احمد نے کہا کہ شپ ریسٹورنٹ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کا عملی مظہر ہے اور اس منصوبے کی تعمیر کے لیے درکار مشینری موقع پر کام کر رہی ہے، ضروری افرادی قوت بھی موجود ہے
یقینی بنایا جائے گا کہ منصوبہ محفوظ اور دیرپا ہو۔ انہوں نے بتایا کہ شپ ریسٹورنٹ پراجیکٹ حکومت پنجاب کا نمایاں منصوبہ ہےجسے بروقت مکمل کرنے پر خصوصی فوکس کیا جا رہا ہے۔ایم ڈی راجہ منصور احمد نے مزید کہا کہ لاہور کینال کے کنارے قائم کیا جانے والا یہ تین منزلہ جدید شپ ریسٹورنٹ ایک جدید تفریحی سہولت فراہم کرے گا، جو بیک وقت 80 سے افرادکی میزبانی کی صلاحیت رکھتا ہوگا۔
ایم ڈی پی ایچ اے کے مطابق شپ ریسٹورنٹ منصوبہ سیاحت اور معیاری کھانوں کا حسین امتزاج ہوگا، جو نہ صرف لاہور کی تاریخ کا ایک منفرد منصوبہ ثابت ہوگا بلکہ شہر کی خوبصورتی اور سیاحتی اہمیت میں نمایاں اضافہ بھی کرے گا۔