ٹوکن ٹیکس 31 اگست تک جمع کرائیں، 10 فیصد رعایت پائیں – گاڑی خریدار بروقت ٹرانسفر کروائیں، رجسٹریشن نمبر شناختی کارڈ سے منسلک ہوگا۔
لاہور (فیاض مدثر) تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب کی جانب سے گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبر کو جدید نظام کے تحت براہ راست مالک کے شناختی کارڈ سے منسلک کرنے کا نیا نظام نافذالعمل کیا جا رہا ہے۔
جس کے تحت ہر گاڑی کا رجسٹریشن نمبر مستقل طور پر اصل مالک کے ساتھ جڑا ہوگا جبکہ پرانی یا استعمال شدہ گاڑی خریدنے والے کو نئی نمبر پلیٹ جاری کی جائے گی۔ڈائریکٹر جنرل ایکسائز محمد عمر شیر چٹھہ کے مطابق یکم ستمبر 2025 سے ہر گاڑی کی نمبر پلیٹ اس کے مالک کے نام سے منسلک ہو جائے گی۔
اس لیے جو شہری اوپن لیٹر پر یا غیر منتقل شدہ گاڑیاں چلا رہے ہیں وہ فوری طور پر گاڑی اپنے نام پر ٹرانسفر کروائیں اور ٹوکن ٹیکس جمع کروا لیں تاکہ کسی بھی قسم کی مشکل سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مالی سال 2025-26 کے ٹوکن ٹیکس جمع کروانے کی آخری تاریخ 31 اگست مقرر ہے
جو شہری بروقت ٹوکن ٹیکس جمع کروائیں گے وہ 10 فیصد خصوصی رعایت بھی حاصل کر سکیں گے۔ ڈی جی ایکسائز نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ بروقت ٹرانسفر اور ٹیکس کی ادائیگی کر کے نہ صرف حکومتی اقدام میں تعاون کریں بلکہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت بھی دیں۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق اگر کوئی شخص اپنی گاڑی فروخت کر چکا ہے اور خریدار نے تاحال گاڑی اپنے نام پر منتقل نہیں کروائی تو شہری فوری طور پر ہیلپ لائن 1035 پر کال کر کے ایسی گاڑی کی رجسٹریشن معطل کروا سکتے ہیں۔ مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے ایکسائز ہیلپ لائن 1035 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے جبکہ تمام تفصیلات ویب سائٹ www.excise.punjab.gov.pk پر بھی دستیاب ہیں۔