جماعت اسلامی لاہور

پنجاب حکومت نے بلدیاتی ایکٹ کو دھاندلی ایکٹ میں تبدیل کر دیا ہے۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ

ریجنل نیوز

جماعت اسلامی لاہور کا سید مودودی اسلامک سنٹر میں بلدیاتی کنونشن—پنجاب حکومت کے بلدیاتی ایکٹ پر سخت تنقید
لاہور(انوارالاسلام کمیانہ) تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام سید مودودی اسلامک سنٹر میں جماعت اسلامی لاہور کے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواران کا بلدیاتی کنونشن منعقد ہوا، جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ نے کی۔

کنونشن میں جماعت اسلامی کے بلدیاتی امیدواران سمیت شہر کے مختلف اضلاع کے ذمہ داران اور جماعت کے نائب امراء اور ذمہ داران نے شرکت کی۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت  لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ ، سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال اور نائب امیر خالد احمد بٹ نے موجودہ بلدیاتی صورتحال، اصلاحات اور عوامی نمائندگی کے فقدان پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

اس موقع پر نائب امراء ملک شاہد اسلم، چوہدری محمد شوکت اور وقاص احمد بٹ، ڈپٹی سیکرٹری و کنوئیر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی  قیصر شریف بھی موجود تھے، جنہوں نے شرکاء کو بلدیاتی نظام کے عملی پہلوؤں پر آگاہ کیا۔امیر جماعت  لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی ایکٹ کو دھاندلی ایکٹ میں تبدیل کر دیا ہے.

جس کے نتیجے میں عوام کو بااختیار بنانے کے بجائے اختیارات مزید مرکزیت کی طرف چلے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میٹرو پولیٹن کارپوریشن ختم کرکے شہر کو ٹاؤن کا درجہ دینا غیر آئینی اور ناقابل قبول اقدام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ “47 کی حکومت میئر اور سٹی ناظم کے ٹائٹل سے بھی خوفزدہ ہے، کہیں عوام میں سے حقیقی قیادت سامنے نہ آجائے۔ان کا کہنا تھا کہ حکمران طبقہ پنجاب میں اپنی جماعت کے نمائندوں سے بھی خوفزدہ رہتا ہے، جو خاندانی اور وڈیرہ شاہی سوچ کا عکاس ہے۔

ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی پورے پنجاب میں بلدیاتی کالے قانون کے خلاف بھرپور تحریک چلائے گی اور لاہور کے بلدیاتی نمائندے عوام کو منظم کر کے اس غیر عوامی قانون کے خلاف آواز بلند کریں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت بلدیاتی ایکٹ کو عوام دوست بنائے ورنہ یہ دھاندلی ایکٹ ہی سمجھا جائے گا

Shares