کیا ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کی موت ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی اوپن اے آئی کی ہارڈویئر ڈویژن کی سربراہ کیٹلین کیلینووسکی کے استعفی کی بنیادی وجہ ہے؟
لاہور۔ ڈیلی ٹائمز(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی اوپن اے آئی کی ہارڈویئر ڈویژن کی سربراہ کیٹلین کیلینووسکی نے ہفتے کے روز اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے یہ فیصلہ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ساتھ مصنوعی ذہانت سے متعلق معاہدے پر تحفظات کے باعث کیا۔
کیٹلین کیلینووسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ اوپن اے آئی نے پینٹاگون کے خفیہ کلاؤڈ نیٹ ورکس پر اپنے ماڈلز تعینات کرنے کے معاہدے سے قبل اس کے ممکنہ اثرات پر مناسب غور نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت قومی سلامتی کے معاملات میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، تاہم امریکی شہریوں کی نگرانی بغیر عدالتی اجازت کے کرنا اور خودکار ہتھیاروں کو انسانی منظوری کے بغیر استعمال کرنا ایسے حساس معاملات ہیں جن پر مزید غور و فکر ضروری تھا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اگرچہ انہیں اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سام آلٹمین اور کمپنی کی ٹیم کے لیے گہرا احترام ہے، لیکن پینٹاگون کے ساتھ معاہدے کا اعلان مناسب حفاظتی ضوابط طے کیے بغیر کیا گیا۔
کیٹلین کیلینووسکی کے مطابق اس معاملے میں بنیادی مسئلہ گورننس اور شفافیت کا ہے اور اتنے اہم فیصلے جلد بازی میں نہیں کیے جانے چاہئیں۔
دوسری جانب اوپن اے آئی نے معاہدے کے بعد جاری بیان میں کہا کہ اس تعاون میں اضافی حفاظتی اقدامات شامل کیے گئے ہیں تاکہ ٹیکنالوجی کے استعمال کو ذمہ دارانہ حدود میں رکھا جا سکے۔ کمپنی نے یہ بھی واضح کیا کہ اس کی پالیسی کے مطابق اس کی ٹیکنالوجی کو اندرونِ ملک نگرانی یا خودکار ہتھیاروں کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
اوپن اے آئی کے ترجمان نے رائٹرز کو بتایا کہ کمپنی ان حساس معاملات پر ملازمین، حکومت، سول سوسائٹی اور عالمی برادری کے ساتھ مکالمہ جاری رکھے گی۔
واضح رہے کہ کیٹلین کیلینووسکی نے 2024 میں اوپن اے آئی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس سے قبل وہ ٹیکنالوجی کمپنی میٹا پلیٹ فارمز میں آگمینٹڈ ریئلٹی ہارڈویئر کی ترقی کی قیادت کر چکی ہیں۔
یہ استعفی ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای کو جان سے مارنے کے لیئے اے آئی کے خفیہ کلاوڈ نیٹ ورکس کی مدد میں ٹارگٹ حاصل کیا گیا۔
لگتا ہے اسی تناظر میں یہ استعفی دیا گیا ہے جس طرح استعفی کے مندرجات شامل کیئے گئے ہیں اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ پینٹاگون کے ساتھ اختلافات ہوئے اور کچھ ایسے کام کیئے گئے جو انسانی اخلاقیات اور قومی سلامتی کےحوالے سے بہت زیادہ اہمیت کے حامل تھے لیکن ان کو نظر انداز کیا گیا۔