پٹرول ایشو۔حکومت نے لیوی کا ٹارگٹ پورا کر لیا، اب اضافی ٹیکس لینا بند کرے ۔ جماعت اسلامی

پٹرول ایشو۔حکومت نے لیوی کا ٹارگٹ پورا کر لیا، اب اضافی ٹیکس لینا بند کرے ۔ جماعت اسلامی

اشرافیہ کو مفت پٹرول کا سلسلہ ختم کیا جائے تو لیوی کی ضرورت نہیں رہے گی۔
فیصل چوک پر جماعت اسلامی کا دھرنا 5 ویں روز بھی جاری؛ 77 آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی اور پٹرولیم لیوی خاتمے کا مطالبہ
لاہور۔ ڈیلی ٹائمز(سٹاف رپورٹر) پٹرول کی قیمتیں بڑھا کر دھرنے کے شرکاء کو بدظن کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی اور دھرنا لیوی کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔

جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی کال پر فیصل چوک مال روڈ پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، بجلی کی بلند ترین قیمتوں اور ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا 5 ویں روز میں داخل ہو گیا۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے دھرنے کے مقام پر پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ پریس کانفرنس میں ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، خالد احمد بٹ، عبدالعزیز عابد، عامر نثار خان، قیصر شریف، جبران بٹ اور شعیب یعقوب سمیت دیگر سینئر رہنما بھی موجود تھے۔

امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس عوامی مقصد کے لیے دھرنا شروع کیا گیا تھا، جماعت اسلامی اس پر روزِ اول کی طرح مضبوطی سے قائم ہے۔ دھرنے میں روزانہ مختلف مکاتبِ فکر کی نمائندگی ہو رہی ہے جبکہ احتجاج کو وسعت دینے کے لیے آج دھرنے کے مقام پر ایک بڑا وکلاء کنونشن منعقد کیا جا رہا ہے۔

ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ پٹرول پر 135 روپے سے زائد لیوی اور دیگر ٹیکسز وصول کر کے عوام کا معاشی استحصال کیا جا رہا ہے۔ حکومت پٹرولیم لیوی کی مد میں اپنا مقررہ ہدف پورا کر چکی ہے، لہٰذا اب عوام پر اضافی ٹیکس کا بوجھ ڈالنا فوری بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں ہونے والی معمولی کمی عوامی دباؤ کا نتیجہ ہے، حقیقی قیمت اب بھی بحال نہیں ہوئی۔

عالمی مارکیٹ میں گزشتہ چند دنوں سے قیمتیں مستحکم ہیں، اس لیے حکومت قیمتوں میں کمی کر کے عوام کو بڑا اور حقیقی ریلیف فراہم کرے۔ پٹرول کی قیمتیں بڑھا کر دھرنے کے شرکاء کو بدزن کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی اور دھرنا لیوی کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔

انرجی کرائسز پر بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور نے کہا کہ ملک میں بجلی کی طلب 45 ہزار میگاواٹ جبکہ پیداواری صلاحیت 75 ہزار میگاواٹ ہے۔ ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی سمیت تمام سابقہ حکومتیں ان ظالمانہ آئی پی پیز معاہدوں کی برابر کی حصہ دار ہیں۔ انہوں نے زور دے کر مطالبہ کیا کہ صرف 17 نہیں بلکہ تمام 77 آئی پی پیز معاہدوں کا ازسرِنو جائزہ (Review) لیا جائے اور ان کا خاتمہ کیا جائے۔

انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ وہ جماعت اسلامی کے صبر کا امتحان نہ لے، ورنہ حکومت کے لیے مسائل مزید بڑھ جائیں گے۔اس موقع پر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے حکمران اشرافیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات اور معاشی تباہی کی تمام تر ذمہ دار موجودہ حکمران اشرافیہ ہے۔

شاہی بابوؤ ں اور افسران کو 90 ہزار سے زائد گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں جن کے مفت پٹرول کا بوجھ غریب عوام اٹھا رہی ہے۔ اگر ان کا مفت پٹرول بند کر دیا جائے تو پٹرولیم لیوی کا مسئلہ خود بخود حل ہو جائے گا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ عوام سے وصول کیے گئے کھربوں روپے کہاں خرچ کیے گئے؟

اگر عوام کو یہ سمجھ آ گئی کہ ان کی خون پسینے کی کمائی سے اشرافیہ عیاشیاں کر رہی ہے تو لوگ ان کی گاڑیوں کا راستہ روک لیں گے

Shares