پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، حکومت کے بڑے فیصلے سامنے آگئ

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، حکومت کے بڑے فیصلے

اہم خبریں

پاکستان میں ایک بار پھر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نے عوام کو شدید جھٹکا دے دیا ہے۔ وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے کیے گئے وعدوں اور عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی قیمتوں کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے۔

لاہور۔ ڈیلی ٹائمز۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 23 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، 

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ عالمی سطح پر جاری بحران، خصوصاً خلیجی خطے کی صورتحال کے باعث تیل کی قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا ہے، جس کا براہ راست اثر پاکستان پر پڑا ہے۔

وزیر پیٹرولیم کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس میں ملک کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ سبسڈی کو محدود کرتے ہوئے صرف مخصوص طبقوں تک رکھا جائے گا تاکہ معیشت کو مزید دباؤ سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی 90 فیصد تیل کی ضروریات دبئی اور عمان سے پوری کرتا ہے، جہاں قیمتیں ریکارڈ سطح تک پہنچ چکی ہیں۔ ڈیزل کی عالمی قیمت 250 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر چکی ہے۔

دوسری جانب حکومت نے عوام کو جزوی ریلیف دینے کے لیے سبسڈی کا اعلان بھی کیا ہے۔ موٹرسائیکل سواروں کو 100 روپے فی لیٹر سبسڈی فراہم کی جائے گی، جبکہ چھوٹے کسانوں اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کے لیے بھی خصوصی مالی امداد مقرر کی گئی ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق یہ سبسڈی محدود مدت کے لیے ہوگی اور ایک ماہ بعد اس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ توانائی کی بچت کے لیے مارکیٹوں کے اوقات کار میں بھی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ مشکل معاشی حالات کے باعث یہ فیصلے ناگزیر تھے، تاہم عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔

Shares