لاہور۔ ڈیلی ٹائمز(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی وزارتِ داخلہ نے ملک بھر میں ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں اور رہائشیوں کو ممکنہ ایرانی میزائل خطرے سے خبردار کر دیا ہے۔ حکام کی جانب سے جاری ہدایات میں عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں فوری طور پر قریبی محفوظ عمارت میں پناہ لیں۔
سرکاری اعلان میں شہریوں کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کھڑکیوں، دروازوں اور کھلی جگہوں سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ میزائل حملے کے خدشے یا ڈرون حملے کی صورت میں نقصان سے بچا جا سکے۔
یہ ہنگامی الرٹ ایسے وقت میں جاری کیا گیا جب اس سے تقریباً ایک گھنٹہ قبل متحدہ عرب امارات وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ملک کو ایران کی جانب سے آنے والے میزائل اور ڈرون خطرات کا سامنا ہے اور دفاعی نظام ان خطرات کا مقابلہ کر رہا ہے۔
حکام کے مطابق متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج نے جمعرات کے روز ایران کی جانب سے فائر کیے گئے چھ ایرانی میزائل اور ایک سو اکتیس ڈرون فضا میں ہی تباہ کر دیے۔ تاہم ایک بیلسٹک میزائل اور چھ ڈرون ملک کے مختلف علاقوں میں گرنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔
متحدہ عرب امارات وزارت دفاع کے مطابق جمعرات کی صبح دشمن کی جانب سے داغے گئے چھ بیلسٹک میزائل اور 131 ڈرون اپنے اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں تباہ کر دیے گئے۔ اس کے باوجود ایک بیلسٹک میزائل اور چھ ڈرون ملک کے اندر مختلف مقامات پر گرے، جن کی تحقیقات جاری ہیں۔
وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران جاری خلیجی کشیدگی کے دوران دفاعی نظام کو اب تک 196 بیلسٹک میزائل اور آٹھ کروز میزائل کی بروقت اطلاع ملی، جنہیں فوری کارروائی کرتے ہوئے فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔
ماہرین کے مطابق خطے میں بڑھتی ہوئی خلیجی کشیدگی اور ایرانی میزائل خطرے کے پیش نظر متحدہ عرب امارات نے دفاعی اور سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے