ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے جنگ سے متعلق پیشگوئی کی ہے، جس نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔
لاہور۔ ڈیلی ٹائمز( مانیٹرنگ ڈیسک)غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک کا کہنا تھا کہ پانچ سال یا زیادہ سے زیادہ دس سال میں جنگ ناگزیر ہے، اس مبہم بیان کے باعث سوشل میڈیا پر قیاس آرائیوں کا طوفان کھڑا ہوگیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ بحث اُس وقت شروع ہوئی جب ایک ایکس صارف ہنٹر ایش نے جوہری ہتھیاروں کے عالمی سیاسی رویوں پر اثرات سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کے باعث بڑی طاقتوں کے درمیان جنگ کا امکان نہیں، جس کے نتیجے میں حکومتیں کمزور اور ناقص ہوگئی ہیں۔
ایلون مسک نے اسی گفتگو کے جواب میں اچانک پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سال یا زیادہ سے زیادہ دس سال میں جنگ ناگزیر ہے۔ ٹیسلا کے سربراہ نے نہ کسی مخصوص خطے کی نشاندہی کی، نہ وجوہات بتائیں، جس سے آن لائن صارفین میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے
ان کے بیان کو سمجھنے کے لیے صارفین نے ان کی کمپنی xAI کے چیٹ بوٹ گروک (Grok) سے سوال پوچھا، گروک نے یہ واضح کیا کہ مسک نے اس پوسٹ میں کوئی تفصیل بیان نہیں کی۔
گروک کا کہنا تھا کہ مسک کے مطابق مستقبل میں خطرات صرف بین الاقوامی تنازعات تک محدود نہیں بلکہ داخلی خانہ جنگیوں یا سیاسی انتشار کی صورت میں بھی ابھر سکتے ہیں