لاہور۔ ڈیلی ٹائمز۔ بیوروچیف( فیاض مدثر) پی ٹی آئی کا شمار ملک کی بڑی اور اہم جماعت کے طور پر ہوتا ہے اور قیادت نے کبھی سنجیدہ، بامقصد مزاکرات سے راہ فرار اختیار نہیں کی۔ ملک کو درپیش مسائل کا حل اور بہتری اسی میں ہے سب جماعتیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔ ان خیالات کا اظہار ملک کے معروف قانون دان محمد اسلام انجم ایڈووکیٹ نے ڈیلی ٹائمز کے ساتھ خصوصی نشست میں کیا۔
انہوں نے کھل کر بات کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی کی حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے ان کے ساتھ بامقصد اور نیک نیتی سے مزاکرات کیئے جائیں تو کوئی ناممکن نہیں کہ اختلافات ختم نا ہو سکیں۔ ملک کی موجودہ صورتحال کسی افراتفری یا ایک دوسرے کے گریبان پکڑنے کی اجازت نہیں دیتی۔
بھارت کے ساتھ ہم نے جنگ جیت لی ہے کیا ہی اچھا ہوتا اگر ملک کے مقتدرہ حلقے، حکمران عوام کے دل بھی جیت لیتے۔ ہم فوج کے ساتھ ہیں بے شک ہماری افواج دنیا کی بہترین افواج میں نمایاں ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہم ملک کو سیاسی افراتفری سے بھی نکالیں۔
بنیادی حقوق کو پامال کرنا، ایسے حالات پیدا کرنا لوگ احتجاج پر مجبور ہو جائیں یہ مناسب نہیں، نا ہماری معشیت اس قابل ہے۔ باہمی اتفاق، اتحاد، اور مسائل کو نیک نیتی کے ساتھ میز پر حل کرنا ہی وقت کا تقاضہ ہے۔ رہی بات سیاسی قیادت میں تبدیلی کی کسی کے آنے یا جانے کی یہ جمہوریت کا اصل حسن ہوتا ہے جو زیادہ بہتر کام کرے گا پارٹی میں آگے جائے گا۔