پیٹرول لیوی کے خلاف جماعت اسلامی لاہور کی شہر بھر میں دستخطی مہم جاری , نمازِ جمعہ کے بعد سینکڑوں مساجد کے باہر دستخطی مہم کے تحت ہزاروں افراد سے پیٹرول لیوی کے خلاف دستخط لیے گئے۔
لاہور۔ڈیلی ٹائمز۔ جماعت اسلامی لاہور کے زیرِ اہتمام پیٹرول پر عائد لیوی کے خاتمے کے لیے شہر کے مختلف اضلاع اور زونز میں دستخطی مہم جاری ہے۔ جماعت اسلامی کے مطابق اہم شاہراہوں، چوکوں، تجارتی مراکز اور مساجد کے باہر دستخطی کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جہاں شہریوں، تاجروں اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
مہم کی قیادت قائم مقام امیر جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ، سیکرٹری لاہور اظہر بلال، ڈپٹی سیکرٹریز، اضلاع و زونز کے امراء اور مقامی رہنماؤں نے کی۔ نمازِ جمعہ کے بعد شہر کی مختلف جامع مساجد کے باہر بھی خصوصی کیمپ قائم کیے گئے، جہاں شہریوں نے پیٹرول لیوی کے خلاف اپنے دستخط ثبت کیے۔
جماعت اسلامی لاہور کے مطابق ضلع شمالی لاہور میں ٹوکے والا چوک، شادباغ میں مرکزی کیمپ قائم کیا گیا۔ ضلع وسطی لاہور کے زونز 172 اور 173 میں ناگرہ ٹاؤن سمیت مختلف مقامات پر شہریوں اور دکانداروں سے رابطہ کیا گیا۔ زون 165 کے مختلف علاقوں میں بھی دستخطی کیمپس اور گھر گھر رابطہ مہم کا انعقاد کیا گیا۔
مانگا زون 166، زون 169 جنوبی لاہور، کلفٹن کالونی، اسلام پورہ، ساندہ کلاں، زون 157 اور رائے ونڈ کے مختلف علاقوں میں بھی دستخطی مہم کے تحت کیمپس لگائے گئے اور شہریوں سے رابطہ کیا گیا۔جماعت اسلامی زون 161 ماڈل ٹاؤن کے زیرِ اہتمام نمازِ جمعہ کے بعد دارالہدیٰ مسجد، ایل بلاک میں بھی دستخطی مہم کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر نمازیوں میں ہینڈ بلز تقسیم کیے گئے جبکہ بڑی تعداد میں افراد سے پیٹرول لیوی کے خلاف دستخط لیے گئے۔ شرکاء نے اپنے دستخطوں کے ذریعے مہم کی حمایت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر حلقہ کے نائب امیر ملک شاہد اسلم نے خصوصی شرکت کی اور کارکنان کی حوصلہ افزائی کی۔
جماعت اسلامی زون 168 منصورہ کے حلقہ اتفاق ٹاؤن، یونٹ رانا ٹاؤن میں بھی پیٹرول لیوی کے خلاف دستخطی مہم کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں نے شرکت کرتے ہوئے اپنے دستخط ثبت کیے۔جماعت اسلامی تنظیمی حلقہ کرباٹھ، زون 158 کے زیرِ اہتمام نمازِ جمعہ کے بعد جامع مسجد ابوبکر صدیق، حویلیاں کرباٹھ میں بھی پیٹرول لیوی کے خلاف دستخطی مہم جاری رہی۔
اس موقع پر عمر حیات باجوہ نے خطاب کیا اور شہریوں سے مہم میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔ مہم کے دوران حافظ نعیم الرحمن کا قوم کے نام پیغام "بدل دو نظام، حل صرف جماعت اسلامی” بھی شہریوں تک پہنچایا گیا۔قائم مقام امیر جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے مطابق شہر بھر میں شہریوں کی شرکت پیٹرول لیوی کے خلاف عوامی ردِعمل کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پیٹرول لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر فوری توجہ دے، بصورتِ دیگر جماعت اسلامی پہلے سے زیادہ بھرپور سپر لانگ مارچ ملتان سے شروع کرے گی۔خالد احمد بٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو درپیش مہنگائی اور اضافی مالی بوجھ کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول لیوی کے خاتمے کے مطالبے کے لیے جاری دستخطی مہم کے بعد حافظ نعیم الرحمن کی کال پر لانگ مارچ کا لاہور میں بھرپور اور تاریخی استقبال کیا جائے گا
جبکہ لاہور سے بڑی تعداد میں افراد سپر لانگ مارچ کا حصہ بنیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے مطابق جاری دستخطی مہم میں چند ہی دنوں میں لاکھوں افراد کی شرکت اس کی جدوجہد کے لیے عوامی حمایت کی عکاسی کرتی ہے، جبکہ جماعت اسلامی اسے حکومت کی پالیسیوں کے خلاف عوامی ریفرنڈم قرار دے رہی ہے۔