نیلسن منڈیلا کا مصافحہ

تیرہ دسمبر 1989ء کی شام تھی۔ جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں صدارتی رہائش گاہ ٹائن ہاؤس کے دروازے بند تھے۔ اندر ایک ایسی ملاقات ہونے جا رہی تھی جس کا تصور بھی کچھ عرصہ پہلے تک مشکل دکھائی دیتا تھا۔ دنیا اس بات سے بے خبر تھی کہ ایک ہی کمرے میں دو ایسے سیاسی حریف بیٹھنے والے ہیں جن کی زندگیوں کا بیشتر حصہ ایک دوسرے کی مخالفت میں گزرا تھا۔

ایک طرف جنوبی افریقہ کے صدر ایف ڈبلیو ڈی کلرک تھے، جن کے ہاتھ میں اقتدار تھا اور جن کی حکومت نسلی امتیاز کے نظام کی محافظ سمجھی جاتی تھی۔ دوسری طرف نیلسن منڈیلا تھے، جنہوں نے اسی نظام کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے اپنی زندگی کے 27 سال جیل میں گزار دیے تھے۔ ایک کے پاس حکومت تھی، دوسرے کے پاس ایک پوری مظلوم قوم کی امیدیں۔

رات کے سناٹے میں منڈیلا کو صدارتی رہائش گاہ لایا گیا۔ ابتدائی مصافحے اور رسمی گفتگو کے بعد دیگر حکام کمرے سے باہر چلے گئے۔ اب وہاں صرف دو آدمی تھے۔ ایک وہ جس کے پاس اقتدار تھا اور دوسرا وہ جسے اقتدار سے دور رکھنے کے لیے برسوں جیل میں رکھا گیا تھا۔

دونوں نے ایک دوسرے سے نظریں ملائیں دونوں کی آنکھوں میں کئی سوال، خدشات تھے،صدر ایف ڈبلیو ڈی کلرک نے سوچا کیا چند برس بعدیہ ان کے ملک کا صدر بن سکتا ہے؟ اور کیا منڈیلا اس شخص کے ساتھ بیٹھ کر کوئی راستہ نکالنے کے لیے تیار ہےجس کی حکومت کے خلاف انہوں نے اپنی جوانی جیل میں گزار دی تھی؟

یہ ملاقات محض رسمی نہیں تھی۔ ڈی کلرک نے بعد میں اعتراف کیا کہ منڈیلا ان کے تصور سے زیادہ باوقار، مضبوط شخصیت کے مالک اور گفتگو میں غیر معمولی سنجیدگی رکھتے تھے۔ منڈیلا نے اکثریتی حکومت کا مطالبہ رکھا، جبکہ ڈی کلرک سفید فام اقلیت کے حقوق اور مستقبل کے تحفظ کی بات کر رہے تھے۔ دونوں کے درمیان اختلافات اپنی جگہ موجود تھے، لیکن ایک حقیقت دونوں کے سامنے واضح تھی کہ جنوبی افریقہ کو مزید تصادم سے نہیں بچایا گیا تو ہمارا ملک تباہ ہو جائے گا اور صرف ہمارے پاس ضد، اور انا کا بت رہ جائے گا اور عوام یہ بت توڑے گی پھر اس کو یہ معلوم نہیں ہوگا سامنے کون ہے

مذاکرات شروع ہوئے تو راستہ پھولوں سے بھرا نہیں تھا۔ کبھی سیاسی تشدد نے ماحول خراب کیا، کبھی اعتماد کا بحران پیدا ہوا، کبھی ایک فریق دوسرے پر وعدہ خلافی کا الزام لگاتا رہا۔ لیکن دروازے مکمل بند نہیں کیے گئے۔ منڈیلا نے اپنی جدوجہد ترک نہیں کی اور ڈی کلرک نے بھی فوری طور پر تمام سیاسی مطالبات تسلیم نہیں کیے۔ دونوں اپنے اپنے حلقوں کے دباؤ میں تھے، مگر انہیں معلوم تھا کہ کوئی نہ کوئی راستہ نکالنا ہوگا۔

پھر 1993ء میں ایک عبوری آئینی سمجھوتہ طے پایا۔ اگلے سال انتخابات ہوئے۔ وہ شخص جس نے 27 سال جیل میں گزارے تھے، جنوبی افریقہ کا صدر منتخب ہوگیا اور وہی ڈی کلرک اس کی حکومت میں نائب صدر بن گئے۔ ذرا تصور کیجیے، جو دو کردار کبھی ایک دوسرے کے سیاسی مخالف تھے، وہ ایک ہی حکومت میں ملک کا مستقبل سنوارنے کی کوشش کر رہے تھے۔ 1993ء میں دونوں کو مشترکہ طور پر امن کا نوبیل انعام بھی دیا گیا۔

یہ تاریخ کا وہ موڑ تھا جہاں سیاسی انا سے زیادہ قومی مستقبل کو اہمیت دی گئی۔ منڈیلا نے اپنے مخالف سے مصافحہ کرکے اپنی جدوجہد سے دستبرداری اختیار نہیں کی تھی، اور ڈی کلرک نے مذاکرات کرکے اپنی تمام سیاسی سوچ ترک نہیں کی تھی۔ دونوں نے یہ تسلیم کیا تھا کہ ملک کسی ایک فریق کی ملکیت نہیں ہوتا اور سیاسی بحران کا مستقل حل صرف طاقت کے استعمال سے نہیں نکالا جا سکتا۔

 کیا ہم بھی کسی ایسے ہی موڑ پر کھڑے نہیں؟ ایک طرف عمران خان اور تحریک انصاف ہیں، دوسری طرف موجودہ حکومتی قیادت اور اسٹیبلشمنٹ۔ اختلافات کی خلیج گہری ہے، اعتماد کا فقدان ہے، سیاسی مقدمات، احتجاج، الزامات اور اقتدار کی کشمکش نے ملک کو ایک مسلسل سیاسی بے یقینی میں مبتلا کر رکھا ہے۔

سیاسی رابطوں اور پس پردہ مذاکرات کی خبریں بھی وقتاً فوقتاً سامنے آتی رہی ہیں، لیکن اصل سوال یہ ہے کہ کیا یہ رابطے محض وقتی دباؤ کم کرنے کے لیے ہیں یا واقعی کسی بڑے سیاسی سمجھوتے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں؟ کیا عمران خان اور مقتدر حلقے ایک دوسرے کے سامنے بیٹھنے پر آمادہ ہوں گے؟ کیا موجودہ حکومتی قیادت اس عمل میں سہولت کار بن سکے گی؟

اور اگر ایسا ہوتا ہے تو کیا اس کا نتیجہ محض کسی فرد یا جماعت کے لیے رعایتوں کی صورت میں نکلے گا یا پاکستان کے سیاسی مستقبل کے لیے کوئی وسیع تر آئینی معاہدہ سامنے آئے گا؟ آٹھویں آئینی ترمیم ہو یا کوئی نیا آئینی فارمولا، اصل ضرورت ایسا اتفاق رائے ہے جو پارلیمنٹ کی بالادستی، شفاف انتخابات، عدلیہ کی آزادی، سیاسی جماعتوں کے حقوق اور آئینی اداروں کی حدود کا تعین کرے۔

پاکستان کو کسی ایک فریق کی فتح نہیں بلکہ ایسا سیاسی راستہ درکار ہے جس پر سب کو چلنے کا موقع مل سکے۔ منڈیلا اور ڈی کلرک کی کہانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ کبھی کبھی سب سے بڑی سیاسی کامیابی اپنے مخالف کو جھکانے میں نہیں بلکہ خود چند قدم آگے بڑھ کر اسے مذاکرات کی میز تک لانے میں ہوتی ہے۔

آج پاکستان کے عوام بھی یہی سوال پوچھ رہے ہیں کہ کیا ہماری قیادت اپنی انا سے بلند ہوکر ملک کے لیے کوئی راستہ نکالے گی، کیا عمران خان، حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ایک دوسرے کے سامنے بیٹھیں گے، یا آنے والی نسلوں کو بھی یہی سیاسی کشمکش ورثے میں ملے گی؟ تاریخ کا دروازہ کھلا ہے، لیکن اس سے گزرنے کا فیصلہ آج کی قیادت کو کرنا ہے۔ کیا عمران خان نیلسن منڈیلا  کے تاریخی مصافحہ کی تاریخ کو دہرا پائیں گے   یا مفاد  پرست یو ٹیوبر  کی آواز ،،خان نہیں مانے گا ،،کی آواز پر ہی لبیک کہیں گے۔ اور اگر یوٹیوبر جیت گئے تو اللہ نا کرےیہ ملک ہار جائےگا۔


 

Shares