امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملے، خطے میں کشیدگی میں شدید اضافہ

اہم خبریں

لاہور۔ ڈیلی ٹائمز۔ (انٹرنیشنل میڈیا۔ مانیٹرنگ ڈیسک )امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف مشترکہ طور پر “پیشگی حملہ” شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کی جانب سے یہ کارروائی ایران کے خلاف سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کی گئی۔

ایرانی ذرائع کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ وہ “مکمل طور پر محفوظ” ہیں۔

فضائی حدود بند، خطے میں ہنگامی صورتحال

ایران، اسرائیل اور عراق نے اپنی فضائی حدود عارضی طور پر بند کر دی ہیں، جس کے باعث بین الاقوامی پروازوں کا نظام متاثر ہوا ہے۔ ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال واضح ہونے تک فضائی آپریشن معطل رہیں گے۔

نیتن یاہو کا تہران میں حکومت کی تبدیلی کا مطالبہ

اسرائیلی وزیرِاعظم بنجمن نیتن یاہو نے امریکی۔اسرائیلی حملوں کے بعد اپنے پہلے ویڈیو بیان میں تہران میں “رجیم چینج” (حکومت کی تبدیلی) کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی موجودہ قیادت خطے کے امن کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔

اسرائیلی فوج کا ایران سے میزائل حملوں کا دعویٰ

اسرائیلی فوج کے مطابق ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل داغے گئے ہیں۔ فوجی بیان میں کہا گیا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں سائرن بجائے گئے اور شہریوں کو موبائل فون کے ذریعے پیغامات بھیج کر فوری طور پر محفوظ پناہ گاہوں میں جانے کی ہدایت کی گئی۔

پاکستانیوں کے لیے سفری ہدایت نامہ جاری

دفتر خارجہ پاکستان نے ایران میں موجود پاکستانی شہریوں کے لیے سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق پاکستانی شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور قریبی پاکستانی سفارت خانے سے رابطے میں رہیں

Shares