ثریا عظیم (وقف) ہسپتال میں دو روزہ فری میڈیکل کیمپ کا آغاز، مستحق مریضوں کو مفت علاج کی فراہمی
لاہور(انوار الا سلام کمیانہ سے) تفصیلات کے مطابق ثریا عظیم (وقف) ہسپتال میں دو روزہ فری میڈیکل کیمپ کا آغاز کر دیا گیا، جس کا افتتاح صدر گورننگ باڈی ہسپتال و امیر جماعت اسلامی لاہورضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں سیکرٹری گورننگ باڈی افتخار احمد چوہدری، ایم ایس ہسپتال ڈاکٹر فواد نور،ملک محمد ظہیر، فیض احمد فیضی اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔
کیمپ 26 اور 27 نومبر کو جاری رہے گا، جس کا مقصد لاہور کے غریب، مستحق اور کم آمدنی والے شہریوں کو بہترین طبی سہولیات بلا معاوضہ فراہم کرنا ہے۔کیمپ میں آنے والے مریضوں کو فری چیک اپ، فری ٹیسٹ اور فری ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔
اس کے علاوہ شوگر، بلڈ پریشر، یورک ایسڈ، کولیسٹرول، کیلشیم وٹامن ڈی اور ای سی جی کے ٹیسٹ بھی بالکل مفت کیے جا رہے ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق کیمپ میں روزانہ سینکڑوں شہریوں کی توقع کی جا رہی ہے، جنہیں ماہر ڈاکٹرز اور تربیت یافتہ پیرامیڈیکل اسٹاف کی نگرانی میں علاج معالجہ فراہم کیا جائے گا۔
اس موقع پر ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے میڈیا کے نمائندگان کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ “ثریا عظیم ہسپتال لاہور کے مستحق اور ضرورت مند شہریوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ ہم خدمتِ خلق کے اس سفر کو عوام کے تعاون سے مزید وسعت دیں گے اور مستقبل میں بھی ایسے فری کیمپس کا انعقاد جاری رکھیں گے۔” انہوں نے مزید کہا کہ صحت کی بنیادی سہولت ہر شہری کا حق ہے اور ثریا عظیم ہسپتال اس حق کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا