ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کا رینالہ کے بازاروں کی بیوٹیفکیشن کے جاری کاموں کا جائزہ

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کا رینالہ کے بازاروں کی بیوٹیفکیشن کے جاری کاموں کا جائزہ

ریجنل نیوز

رینالہ خورد۔ ڈیلی ٹائمز۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کا بازاروں کی بیوٹیفکیشن کے جاری کاموں کا جائزہ اور ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایات، انہوں نے رینالہ شہر کے بازاروں میں جاری بیوٹیفکیشن کے ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے دورہ کیا، اسسٹنٹ کمشنر انعم علی خان اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سمیت دیگر افسران بھی موقع پر موجود تھے۔

اس موقع پر انہوں نے سڑکوں، فٹ پاتھوں، نالوں کی بہتری، رنگ و روغن سمیت دیگر جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور کام کے معیار اور رفتار کو تسلسل سے جاری رکھنے کے احکامات جاری کیے، ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نا کرنا پڑے۔

انہوں نے واضح کیا کہ تاخیر یا ناقص معیار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر نے عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کے مقامات پر آگاہی بینرز اور فلیکسز آویزاں کیے جائیں جن پر کام کی نوعیت، مدت اور متعلقہ معلومات واضح درج ہوں تاکہ شہریوں کو پیشگی آگاہی حاصل ہو اور آمدورفت میں سہولت رہے۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ بازاروں کی خوبصورتی شہر کے مجموعی حسن اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اس لیے بیوٹیفکیشن کے تمام منصوبے شفافیت اور معیار کے ساتھ مکمل کیے جائیں۔

Shares