لاھور۔ ڈیلی ٹائمز۔ بیوروچیف (فیاض مدثر ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت صوبائی دارالحکومت لاہور میں زیرِ زمین واٹر ٹینکس کی تکمیل کے بعد شہری پارکس کی بحالی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد شہریوں کو جدید، محفوظ اور معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
اس سلسلے میں وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور راجہ منصور کے ہمراہ اندرونِ لاہور کے مختلف پارکس کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران کریم پارک اور گول گراؤنڈ پارک کی بحالی کے کام کا آغاز کیا گیا جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے منصوبے کے ورکنگ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر نے نہرو پارک، واپڈا گراؤنڈ اور میاں منشی ہسپتال سے متصل گراؤنڈز کا بھی معائنہ کیا اور ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر بلال یاسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق پارکس میں جدید لائٹنگ، اوپن جم، واکنگ و جاگنگ ٹریکس اور مختلف اقسام کے پھول اور پودے لگائے جائیں گے جبکہ گراؤنڈز میں کھیلوں کے فروغ کیلئے فلڈ لائٹس، پچز اور اسپورٹس کورٹس تعمیر کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے کھیل اور صحت مند تفریح کی اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ایم ڈی پی ایچ اے لاہور راجہ منصور نے کہا کہ زیرِ زمین واٹر ٹینکس کی تعمیر کے بعد لاہور کے تمام پارکس کو مرحلہ وار جدید سہولیات سے بحال کیا جا رہا ہے
جبکہ شہری پارکس میں پھولوں کے ساتھ ساتھ رنگا رنگ لائٹس اور خوبصورت اسٹرکچرز بھی نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو خوشگوار تفریحی ماحول فراہم کیا جا سکے۔