جیلانی پارک لاہور میں گل داؤدی نمائش 2025 کا آغاز، مریم اورنگزیب نے شاندار نمائش کا افتتاح کیا
لاہور۔ بیوروچیف ڈیلی ٹائمز(فیاض مدثر) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی لاہور کے زیر اہتمام سالانہ گل داؤدی نمائش کا آغاز ہو گیا، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے رنگوں اور خوشبوؤں سے سجی اس خوبصورت نمائش کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں صوبائی وزراء بلال یاسین، رانا سکندر، کاظم علی پیر زادہ، چیئرمین پی ایچ اے غزالی سلیم بٹ،سیکرٹری ہاؤسنگ نور الامین مینگل،ڈی جی پی ایچ اے ناہید گل بلوچ سمیت اعلیٰ حکام شریک ہوئے جبکہ ایم ڈی پی ایچ اے راجہ منصور احمد نے نمائش کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی
گل داؤدی نمائش 2025ء میں 200 اقسام کے گل داؤدی کے علاوہ میری گولڈ کے پھول بھی رکھے گئے ہیں۔ نمائش میں سبز ہلالی پرچم کو برقی روشنیوں سے روشن کیا گیا ہے ، اس کے علاوہ لگایا گیا سنو کارنر سرد موسم کے خوبصورت مناظر کی منظرکشی کر رہا ہے، فوڈ پوائنٹس ، سیلفی پوائنٹ بھی نمائش کا حصہ ہے۔
افتتاحی تقریب میں آنے والوں کا استقبال خوشبو، رنگوں کیساتھ موسیقی کی دلکش دھنوں سے کیا جا رہا ہے۔سرد موسم کے باوجود شہریوں کی نمائش میں بھرپور دلچسپی دیکھنے میں آئی۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے انتظامات کوقابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق حکومت پنجاب شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر نے اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے افسران کو شیلڈزبھی پیش کیں۔سینئر صوبائی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جیلانی پارک کا رخ کریں اور اس رنگا رنگ نمائش سے لطف اندوز ہوں۔
شاندار نمائش اور گل داودی کے پھولوں کی تصویری جھلکیاں
—————————————————————————————————————————

- فیاض مدثربیوروچیف ڈیلی ٹائمز لاہور
- Email: fiazmudassar@gmail.com
- Ph: 0333-6974971
















