ایران مزاکراتی ٹیم کی پاکستان آمد ہو گی یا نہیں

ایرانی مذاکراتی ٹیم پاکستان آنے کا امکان، جنگ بندی میں توسیع پر اہم پیش رفت

اہم خبریں

اپریل 20, 2026

امریکی میڈیا کا دعویٰ، ایران نے شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ تاحال نہیں کیا

لاہور۔ ڈیلی ٹائمز(ویب ڈیسک)امریکی میڈیا کی تازہ رپورٹس کے مطابق ایرانی مذاکراتی ٹیم منگل کے روز ممکنہ طور پر پاکستان پہنچ سکتی ہے، جہاں اہم سفارتی مذاکرات متوقع ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں وہی ارکان شامل ہوں گے جو پہلے سے مذاکراتی عمل کا حصہ رہے ہیں۔

رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ اگر معاملات مثبت سمت میں آگے بڑھے تو بدھ کے روز جنگ بندی میں توسیع سے متعلق ایک علامتی مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جا سکتا ہے، جو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب اہم قدم ہوگا۔

مزید برآں، اطلاعات ہیں کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کے دورے پر آمادہ ہوئے تو ایرانی صدر کے بھی پاکستان آنے کا امکان ہے۔ ایسی صورت میں دونوں ممالک کے صدور کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقات متوقع ہے، جس میں مشترکہ اعلامیے پر دستخط بھی کیے جا سکتے ہیں۔

تاہم دوسری جانب ایران کی طرف سے تاحال کسی باضابطہ وفد بھیجنے کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکہ کے ساتھ نئے مذاکراتی دور میں شرکت کا حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔

ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ارنا کے مطابق موجودہ حالات میں نتیجہ خیز مذاکرات کے امکانات واضح نہیں ہیں۔ رپورٹ میں امریکہ پر غیر حقیقی مطالبات، مؤقف میں بار بار تبدیلی اور بحری ناکہ بندی برقرار رکھنے جیسے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔

اسی طرح فارس اور تسنیم نیوز ایجنسیوں نے بھی باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران نے تاحال مذاکرات میں شرکت کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، جبکہ مجموعی سفارتی ماحول کو زیادہ سازگار قرار نہیں دیا جا رہا۔

ذرائع کے مطابق ایرانی موقف ہے کہ امریکی ناکہ بندی کا خاتمہ مذاکرات کے آغاز کے لیے ایک اہم پیشگی شرط ہے، جس کے بغیر پیش رفت مشکل دکھائی دیتی ہے۔

اس تما م تر غیر یقینی صورتحال کے باوجود اسلام آباد میں سیکورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے، غیر ملکہ وفود کی آمد بارے کچھ بیانات بھی سامنے  آئے ہیں اور پاکستانی حکومت کی تیاریوں سے لگ رہا ہے اگلے ایک دون دن کے اندر اعلی وفود کی یقینی آمد ہے اور مزاکرات کے دوسرے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔

جڑاوں شہروں راولنڈی اور اسلام آباد کی سیکورٹی انتہائی سخت ہے، کسی قسم کی پبلک یا گڈز ٹرانسپورٹ کو گزرنے کی اجازت نہیں اہم فائیو سٹار ہوٹل کو غیر ملکی مہمانوں کے لیئے خالی کرا لیا گیا ہے۔ ہزاروں کی تعاد میں سیکورٹی پر مامور نوجوان انتہائی الرٹ دکھائی دے رہے ہیں۔

ڈیلی ٹائمز ویب ڈیسک کی طرف سے شائع کی گئی خبر

ڈیلی ٹائمز کے ویب ڈیسک کی طرف سے شائع کی گئی خبر

Shares