ڈیزل کی قیمت میں بڑی کمی، وزیراعظم کی منظوری کے بعد نئی قیمت جاری

ڈیزل کی قیمت میں بڑی کمی، وزیراعظم کی منظوری کے بعد نئی قیمت جاری

پاکستان

اپریل 17, 2026

ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 12 پیسے کمی، عوام کو ریلیف ملنے کا امکان

اسلام آباد۔ ڈیلی ٹائمز(ویب ڈیسک)حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اہم فیصلہ کرتے ہوئے ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی کردی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فی لیٹر ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 12 پیسے کمی کی منظوری دے دی، جس کے بعد نئی قیمت 385 روپے 54 پیسے سے کم ہو کر 353 روپے 43 پیسے مقرر ہوگئی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات جلد از جلد عوام تک پہنچانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ مہنگائی کے بوجھ میں کمی آسکے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کی گئی تھی، جس کے تحت ڈیزل کی قیمت میں 134 روپے 81 پیسے تک کمی ہوئی تھی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ان کے مطابق لبنان میں جنگ بندی اور آبنائے ہرمز کی کمرشل آمد و رفت کے لیے بحالی کے بعد تیل کی عالمی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے باعث نہ صرف پیٹرول اور ڈیزل سستا ہوگا بلکہ ایل این جی کی بہتر دستیابی سے بجلی کی پیداوار میں بھی بہتری آئے گی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن کی کوششوں کے نتیجے میں عالمی منڈی میں استحکام آ رہا ہے، جس کا فائدہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کو بھی پہنچنے کی توقع ہے۔

جب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ناجائز منافع خوروں نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے پٹرولیم مصنوعات کے تناسب سے مہنگائی نہیں ہوئی بلکہ من مرضی کے اضافے کیئے گئے ذخیرہ اندوزوں نے عوام کو خوب لوٹنے کا کام جاری رکھا ہوا ہے حکومت کو چاہیئے ناجائز منافع خوروں کے خلاف بھی کاروائی کرے۔

Shares