اپریل 16, 2026
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستانی قیادت پر اعتماد، ایران معاملے میں مثبت کردار کا اعتراف
اسلام آباد۔ ڈیلی ٹائمز(ویب ڈیسک)امریکی صدر نے ایک بار پھر پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کو سراہتے ہوئے ایران کے ساتھ کشیدگی کم کرنے میں اس کے کردار کو اہم قرار دیا ہے۔ ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل اور وزیراعظم بہترین صلاحیتوں کے حامل رہنما ہیں جو خطے میں امن کے لیے مؤثر اقدامات کر رہے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے فوکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ جاری تنازع اب تقریباً اپنے اختتام کے قریب ہے اور انہیں اس حوالے سے مکمل یقین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران سے متعلق معاملات میں نہایت ذمہ داری اور مثبت انداز اپنایا ہے، جس کے نتیجے میں کشیدگی کم کرنے میں مدد ملی۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ پاکستانی قیادت ایران کے ساتھ قریبی روابط رکھتی ہے اور وہ مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے، جو مستقبل میں مؤثر ثابت ہوں گی۔ انہوں نے پاکستانی عوام کے امن پسند رویے کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان خطے میں استحکام کے لیے ایک اہم شراکت دار کے طور پر ابھر رہا ہے۔
انہوں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ خطے میں طاقت کا توازن اس حد تک بگڑ جائے کہ دیگر ممالک کو ایران کے سامنے جھکنا پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک اس حوالے سے ان کے مؤقف کی حمایت کر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے اپنے فیصلوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے جاتے تو ایران جوہری ہتھیار حاصل کر سکتا تھا، جس سے خطے کی صورتحال مکمل طور پر تبدیل ہو جاتی۔
یاد رہے پاکستان اور بھارت کی جنگ سے لیکر اب تک متعدد مرتبہ امریکی صدر پاکستان کی ہائی کمان خاص کر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور موجودہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی کئی مواقع پر دل کھول کر تعریف کر چکے ہیں آج پھر انہوں نے کھل کر ایران امریکہ جنگ کے تناظر اور مصالحتی کاوشوں کے نکتہ نظر سے پاکستانی قیادت کی کاوشوں کی بھرپور تعریف کی ہے۔
ڈیلی ٹائمز کے ویب ڈیسک کی طرف سے شائع کی گئی خبر

