امریکی فوجی اڈوں پر حملے جاری رکھنے کا عزم ایران نے واضح کر دیا

ایران کے نئے سپریم لیڈر کا امریکا کو کھلا چیلنج۔ امریکی فوجی اڈوں پر حملے جاری اور آبنائے ہرمز بند رہے گی

عالمی خبریں

ایران کے نومنتخب سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے آبنائے ہرمز کے معاملے پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن پر دباؤ بڑھانے کے لیے اس اہم بحری گزرگاہ کو بند رکھنا بھی ایک آپشن ہو سکتا ہے۔

لاہور۔ ڈیلی ٹائمز(مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران حالیہ جنگ اور حملوں میں شہید ہونے والے ہر فرد کے خون کا حساب لے گا اور شہداء کے خون کا بدلہ لینا قوم کا حق ہے جس سے ہرگز دستبردار نہیں ہوا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی قوم کو دبایا نہیں جا سکتا اور دشمن کو یہ پیغام دیا کہ قوم کا اتحاد ہر سازش کو ناکام بنا دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنے شہداء کے خون کے بدلے کے عزم پر قائم ہے اور اس حوالے سے کسی دباؤ کو قبول نہیں کرے گا۔

آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے خبردار کیا کہ مشرق وسطیٰ میں قائم امریکی فوجی اڈے بند کیے جائیں، بصورت دیگر ایران اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔ ان کے مطابق ایران کی فوجی حکمت عملی صرف دشمن کے فوجی اہداف تک محدود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں ان کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں اور وہ ایرانی عوام کی حمایت کو اپنی سب سے بڑی طاقت سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں قوم کی بہتر رہنمائی کی توفیق عطا فرمائے۔

اپنے پیغام میں آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ دنیا دیکھ چکی ہے کہ ایرانی عوام ایک متحد اور مضبوط قوم ہیں۔ اگر عوام کی حمایت نہ ہو تو کسی بھی رہنما کی حیثیت باقی نہیں رہتی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ دشمن ایران اور اس کے عوام کو نشانہ بنا رہا ہے، تاہم ایرانی قوم اتحاد اور عزم کے ساتھ ان سازشوں کا مقابلہ کرے گی۔امریکی فوجی اڈوں پر حلمے نہیں رکیں گے۔

آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے یہ بھی واضح کیا کہ ایران کسی عام شہری یا ملک کو نشانہ نہیں بنا رہا بلکہ کارروائیاں صرف امریکی فوجی اڈوں کے خلاف کی جا رہی ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ایران اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم اپنے دفاع اور شہداء کے خون کا بدلہ لینے کے حق سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

Shares