واسا لاہور کی تیسری بورڈ میٹنگ میں اہم اصلاحاتی اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کی منظوری۔
لاہور۔ ڈیلی ٹائمز(فیاض مدثر) واسا لاہور کی تیسری بورڈ میٹنگ میں واسا کے چار اہم زیر زمین واٹر ٹینکس منصوبوں کے لیے بجٹ کی منظوری دی گئی۔ یہ منصوبے نسبت روڈ لکشمی چوک، یو ای ٹی، لیک روڈ اور برکت مارکیٹ میں جاری ہیں جن کی تکمیل سے بارشی پانی کو محفوظ بنانے اور اربن فلڈنگ کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
مزید برآں واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایکٹ کے تحت واٹر سپلائی اور سیوریج سے متعلق نئے ریگولیشنز کی منظوری بھی دی گئی، جس سے واسا کی کارکردگی اور سروس ڈیلیوری مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔
ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے کہا کہ ادارہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق جدید سہولیات، شفاف مالیاتی نظام اور پائیدار منصوبہ بندی کے ذریعے شہریوں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ واسا لاہور شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے مؤثر نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔
