سات اگست کا احتجاج مہنگائی اور معاشی بدحالی سے متاثرہ عوام کی آواز بنے گا: نذیر جنجوعہ

سات اگست کا احتجاج مہنگائی اور معاشی بدحالی سے متاثرہ عوام کی آواز بنے گا: نذیر جنجوعہ

سات اگست کو لاہور مہنگائی کے خلاف عوامی احتجاج کا مرکز بنے گا: ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ
سید مودودی اسلامک سینٹر لاہور میں ہنگامی اجلاس، احتجاجی مہم تیز کرنے اور عوامی رابطہ مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ

لاہور۔ڈیلی ٹائمز (سٹاف رپورٹر) سید مودودی اسلامک سینٹر لاہور میں قائم مقام سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان نذیر جنجوعہ کی صدارت میں ایک اہم تنظیمی اجلاس منعقد ہوا، جس میں 7 اگست کو ہونے والے احتجاجی پروگرام کی تیاریوں، عوامی رابطہ مہم اور تنظیمی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان رسل خان بابر، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ، سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امراء وقاص احمد بٹ اور خالد احمد بٹ سمیت ڈپٹی سیکرٹریز راشد داؤد، عامر نثار خان، عبدالعزیز عابد، شاہد نوید ملک، قیصر شریف، جبران بٹ اور ڈاکٹر محمود خان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے 7 اگست کے احتجاج کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ شرکاء نے احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے جامع حکمت عملی، تنظیمی رابطوں اور عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور کے تمام اضلاع، زونز، گلیوں، محلوں اور اہم شاہراہوں پر عوامی رابطہ مہم مزید تیز کی جائے گی۔

اس سلسلے میں ہینڈ بلز کی تقسیم، ڈور ٹو ڈور ملاقاتیں، ریلیاں، کارنر میٹنگز اور علامتی احتجاجی مظاہرے جاری رکھے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو 7 اگست کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی جا سکے۔

اس موقع پر قائم مقام سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان نذیر جنجوعہ نے کہا کہ 7 اگست کا احتجاج مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور معاشی بدحالی سے متاثرہ عوام کے جذبات اور مطالبات کی مؤثر ترجمانی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ نظام کے خلاف حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں پوری قوم کو متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہوگی۔

امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ لاہور کے تمام اضلاع میں عوامی آگاہی کے لیے ریلیاں، ڈور ٹو ڈور مہم اور علامتی احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، جبکہ ہینڈ بلز کی تقسیم اور عوام سے براہِ راست رابطے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اظہارِ امید کیا کہ اہلِ لاہور 7 اگست کے احتجاج میں بھرپور شرکت کر کے اسے کامیاب بنائیں گے

Shares