پیٹرولیم لیوی عوام پر مسلط ایک ظالمانہ اور ناقابل برداشت ٹیکس ہے۔ضیاالدین انصاری

پیٹرولیم لیوی عوام پر مسلط ایک ظالمانہ اور ناقابل برداشت ٹیکس ہے۔ضیاالدین انصاری

 سات اگست کو پیٹرولیم لیوی کے خلاف لاہور سمیت ملک بھر میں تاریخی پہیہ جام احتجاج ہوگا، حکومت عوامی احتجاج کا راستہ روکنے یا طاقت کے استعمال سے گریز کرے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاالدین انصاری
لاہور۔ ڈیلی ٹائمز(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی عوام پر مسلط ایک ظالمانہ اور ناقابل برداشت ٹیکس ہے جس نے مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

حکومت فوری طور پر پیٹرولیم لیوی ختم کرے، بصورت دیگر جماعت اسلامی عوام کے ساتھ مل کر احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سید مودودی اسلامک سنٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امراء خالد احمد بٹ، چوہدری محمد شوکت، صدر پبلک ایڈ کمیٹی قیصر شریف، شاہد نوید ملک سمیت جماعت اسلامی لاہور کے دیگر قائدین اور کارکنان بھی موجود تھے۔

ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے یکم اگست سے 7 اگست تک جاری رہنے والی عوامی احتجاجی مہم اور تاریخی پہیہ جام احتجاج کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یکم اگست کو جوہر ٹاؤن سے موٹر سائیکل عوامی آگاہی ریلی نکالی جائے گی، 2 اگست کو کاہنہ سے پیدل مارچ کا آغاز ہوگا جو شنگھائی پل پر احتجاجی دھرنے میں تبدیل ہوگا، جبکہ 6 اگست کو مسلم ٹاؤن موڑ پر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 7 اگست تک لاہور کی گلیوں، محلوں، بازاروں، چوکوں اور تعلیمی اداروں میں بھرپور عوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی تاکہ ہر شہری تک احتجاج کا پیغام پہنچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ 7 اگست کا پہیہ جام احتجاج عوام، طلبہ، موٹر سائیکل رائیڈرز، ڈیلیوری بوائز، محنت کشوں، ٹرانسپورٹرز اور مہنگائی سے متاثرہ ہر شہری کے حقوق کی آواز ہوگا۔

اہلِ لاہور اپنے گھروں سے نکلیں اور پرامن احتجاج میں بھرپور شرکت کر کے اپنے آئینی اور جمہوری حق کا استعمال کریں۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے کہا کہ حکومت عوامی احتجاج کا راستہ روکنے یا طاقت کے استعمال سے گریز کرے۔

جماعت اسلامی ایک پرامن، آئینی اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھنے والی جماعت ہے، تاہم اگر حکومت نے پرامن احتجاج کو روکنے یا کارکنان پر تشدد کرنے کی کوشش کی تو اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر ہوگی اور پھر احتجاجی تحریک گھیراؤ تحریک میں تبدیل ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تاریخ قربانیوں سے عبارت ہے، ہمارے کارکن کمر پر نہیں بلکہ سینے پر گولیاں کھانے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے وفاقی وزیر داخلہ کے حالیہ بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ خود اعتراف کر رہے ہیں کہ سسٹم کلیپس کر چکا ہے، جبکہ ماضی میں یہی کہا جاتا تھا کہ بلوچستان کا مسئلہ صرف ایک ایس ایچ او کی مار ہے۔

اگر ایسا تھا تو وہ ایس ایچ او آج کہاں ہے؟ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر مسئلہ اتنا ہی آسان ہے تو نواز شریف کو بلوچستان کا ایس ایچ او لگا دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت مسلسل پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی بڑھا کر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہی ہے، حالانکہ خود حکومتی وزراء اعتراف کر رہے ہیں کہ ملک میں کئی ہفتوں کا پیٹرول ذخیرہ موجود ہے۔

اگر ذخائر وافر ہیں تو پھر قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیوں کیا جا رہا ہے؟ امریکہ۔ایران کشیدگی کو جواز بنا کر عوام پر بوجھ ڈالنا قابل قبول نہیں، کیونکہ خطے کے دیگر ممالک میں قیمتیں اس حد تک نہیں بڑھیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایف بی آر کی ناقص کارکردگی اور مالی خسارے کا بوجھ عوام پر پیٹرولیم لیوی کی صورت میں منتقل کر رہی ہے۔ جماعت اسلامی مطالبہ کرتی ہے کہ پیٹرولیم لیوی فوری ختم کی جائے، پیٹرول کی قیمتوں میں نمایاں کمی لائی جائے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔

ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کشمیر کے حق میں احتجاج کرنے والوں پر لاٹھی چارج اور گرفتاریوں کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ طاقت یا تشدد سے نہیں بلکہ مذاکرات اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کرنے سے حل ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک پیٹرولیم لیوی ختم نہیں کی جاتی اور عوام کو حقیقی ریلیف نہیں ملتا۔ انہوں نے لاہور کے تمام شہریوں، تاجروں، طلبہ، ٹرانسپورٹرز، مزدوروں، سول سوسائٹی اور ہر مکتبہ فکر سے اپیل کی کہ وہ 7 اگست کے تاریخی اور پرامن پہیہ جام احتجاج میں بھرپور شرکت کر کے عوامی حقوق کی اس جدوجہد کا حصہ بنیں۔

Shares