شورکوٹ شمالی میں تعینات پٹواری نیر عباس اور اس کے مبینہ پرائیویٹ منشی عمر دراز کے خلاف شہریوں کی جانب سے کرپشن، مبینہ رشوت ستانی بارے سنگین الزامات
شورکوٹ۔ ڈیلی ٹائمز (تحصیل رپورٹر) شورکوٹ شمالی میں تعینات پٹواری نیر عباس اور اس کے مبینہ پرائیویٹ منشی عمر دراز کے خلاف شہریوں کی جانب سے کرپشن، مبینہ رشوت ستانی اور سرکاری امور میں غیر متعلقہ افراد کی مداخلت کے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔
شہریوں کے مطابق پٹواری کے دفتر میں مبینہ طور پر رشوت کے بغیر کام کروانا مشکل ہو چکا ہے، جبکہ پرائیویٹ منشی عمر دراز پر الزام ہے کہ وہ سرکاری ریکارڈ اور دفتری امور میں غیر معمولی اثر و رسوخ رکھتا ہے۔ شہریوں کا دعویٰ ہے کہ اس نے اپنے ماتحت مزید افراد بھی رکھے ہوئے ہیں جو مبینہ طور پر سرکاری معاملات میں مداخلت کرتے ہیں۔
مزید برآں، شہریوں نے منشی اور اس سے وابستہ افراد کے اثاثوں اور جائیدادوں کے بارے میں بھی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس معاملے پر محکمہ اینٹی کرپشن جھنگ میں درخواست بھی دائر کی جا چکی ہے۔
شہریوں نے کمشنر جھنگ ڈویژن، اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار شورکوٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کروائی جائے۔ اگر الزامات ثابت ہوں تو ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری دفاتر کو عوامی خدمت کا مرکز بنایا جائے اور مبینہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کا احتساب یقینی بنایا جائے۔

محمد عدنان سینئر صحافی ہیں متعدد اداروں میں کام کیا ۔
ڈیلی ٹائمز کے لیے تحصیل رپورٹر شور کوٹ کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں