وینزویلا۔ جون میں آنے والے زلزلوں سے ہلاکتوں کی تعداد چھ ہزار سے تجاوز کر گئی

جون کے آخر میں یکے بعد دیگرے دو زلزلوں نے تباہی مچا دی تھی اب تک کی رپورٹس کے مطابق ہلاکتوں کی تعاد چھ ہزار تین سو ہو چکی ہے

لاہور۔ ڈیلی ٹائمز (ویب ڈیسک) وینزویلا میں 24 جون کو آنے والے یکے بعد دیگرے دو طاقتور زلزلوں کے تقریباً سات ہفتے بعد بھی تباہ شدہ علاقوں سے لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 6 ہزار 301 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 73 ہزار سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق وینزویلا کے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کا کام جاری ہے، تاہم بڑی مقدار میں ملبہ اور غیر محفوظ عمارتیں ریسکیو اور تعمیر نو کی راہ میں اہم رکاوٹ بنی ہوئی ہیں۔ اب تک 53 ہزار سے زائد گھروں کا جائزہ لیا جاچکا ہے، جن میں 9,500 سے زیادہ مکانات کو انتہائی خطرناک قرار دیا گیا ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق 24 جون کو وینزویلا میں تقریباً ایک منٹ سے بھی کم وقفے میں 7.2 اور 7.5 شدت کے دو زلزلے آئے۔ دونوں کے مراکز ملک کے شمالی حصے میں تھے اور شدید جھٹکے دارالحکومت کراکس سمیت کئی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔

زلزلوں کے بعد ابتدائی طور پر ریسکیو ٹیموں نے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش پر توجہ مرکوز کی، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ امدادی سرگرمیوں کا بڑا حصہ ملبہ ہٹانے، متاثرہ گھروں کے جائزے اور بے گھر خاندانوں کی بحالی کی طرف منتقل ہوگیا۔

موجودہ صورتحال سے ظاہر ہوتا ہے کہ وینزویلا کو صرف ہنگامی امداد ہی نہیں بلکہ طویل المدتی تعمیر نو کے ایک بڑے مرحلے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہزاروں گھروں کا غیر محفوظ قرار دیا جانا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ زلزلے کے اثرات ہلاکتوں اور زخمیوں تک محدود نہیں بلکہ رہائش، بنیادی ڈھانچے اور مقامی معیشت پر بھی طویل عرصے تک برقرار رہ سکتے ہیں۔

ماہرین کے ابتدائی جائزوں میں بھی بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ موجودہ اعداد و شمار سے واضح ہے کہ ملبہ ہٹانے اور عمارتوں کی حفاظت کا جائزہ مکمل کرنا بحالی کے عمل میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ USGS کے ریکارڈ کے مطابق دونوں زلزلے شدید نوعیت کے تھے اور ان کے جھٹکوں کی شدت نے وسیع علاقے کو متاثر کیااسی بنا پر ابھی تک وینزویلا مکمل طور پر نارمل حالات اور معمولات زندگی میں پوری طرح واپس نہیں آسکا۔


وینزویلا

Shares