پیٹرول لیوی کے خلاف جماعت اسلامی لاہور کا چیئرنگ کراس پر دھرنا، ہزاروں کارکنان کی شرکت
لاہور۔ڈیلی ٹائمز(انوارالاسلام کمیانہ ) پیٹرول لیوی کے خلاف جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام مال روڈ چیئرنگ کراس پر دھرنا جاری ہے، جس میں جماعت اسلامی لاہور کے ہزاروں کارکنان سمیت وسطی پنجاب سے آنے والے قافلوں نے شرکت کی۔
دھرنے کی قیادت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کر رہے ہیں۔دھرنے کے شرکاء نے مال روڈ چیئرنگ کراس چوک پر بیٹھ کر احتجاج ریکارڈ کرایا، جبکہ تلاوتِ قرآن پاک سے دھرنے کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔
دھرنے میں جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے امیر محمد جاوید قصوری، نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر اسامہ رضی، سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امراء جماعت اسلامی لاہور سمیت دیگر قائدین اور ہزاروں کارکنان شریک ہیں۔
دھرنے کے شرکاء نے ہاتھوں میں جماعت اسلامی کے پرچم اور مطالبات پر مبنی پلے کارڈز اٹھا رکھے ہیں جبکہ حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی جا رہی ہے۔ دھرنے میں کارکنان کا جوش و خروش دیدنی ہے۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول لیوی عوام پر اضافی معاشی بوجھ ہے، حکومت اسے فوری واپس لے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافی بوجھ سے عام آدمی، مزدور، تاجر، صنعت کار اور ہر طبقہ متاثر ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ صرف پٹرول پمپ تک محدود نہیں رہتا بلکہ اس کے اثرات براہِ راست اشیائے ضروریہ، ٹرانسپورٹ، بجلی اور روزمرہ استعمال کی تمام اشیاء کی قیمتوں پر مرتب ہوتے ہیں۔
حکومت کو چاہیے کہ عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنے اخراجات اور غیر ضروری مراعات میں کمی کرے۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے میدان میں موجود ہے اور پیٹرول لیوی کے خلاف یہ دھرنا عوامی آواز ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرول لیوی واپس لے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرےانہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پُرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے عوام کے مسائل اجاگر کرتی رہے گی۔
عوام کو ریلیف ملنے تک جدوجہد جاری رہے گی دھرنے میں پنجاب سے آنے والے جماعت اسلامی کے قافلوں کی شرکت سے شرکاء کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا، جبکہ کارکنان نے اپنے قائدین کے حق میں بھی نعرے لگائے۔
جماعت اسلامی کی قیادت نے واضح کیا کہ دھرنے کا مقصد عوام کو درپیش معاشی مشکلات، مہنگائی اور پیٹرول لیوی کے خلاف مؤثر آواز بلند کرنا اور حکومت سے عوام دوست فیصلوں کا مطالبہ کرنا ہے۔