جون 19, 2026
عوام بھوک اور مہنگائی سے تنگ، حکمران مراعات اور عیاشیوں میں مصروف ہیں۔
پیٹرول کی قیمت کم کریں لیوی ختم نہ ہوئی تو شٹر ڈاؤن، پہیہ جام اور حکومتی ایوانوں کا گھیراؤ کریں گے۔
لاہور (پ ر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر جماعت اسلامی کے زیر اہتمام پٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری لیوی، مہنگائی، بے روزگاری، مہنگی بجلی اور گیس کے خلاف ملک گیر احتجاجی مہم کے سلسلے میں ٹھوکر نیاز بیگ لاہور میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاج کی قیادت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کی جبکہ نائب امیر جماعت اسلامی لاہور چوہدری محمد شوکت، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، ڈپٹی سیکرٹریز عامر نثار خان، قیصر شریف، جبران بٹ، علی ارتضیٰ حسنی، میاں عثمان افضل، میاں خبیب نذیر، طلحہ اریس، چوہدری ذوالنون، غلام حسین بلوچ، چوہدری ظہور احمد وٹو سمیت کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور پٹرول پر عائد بھاری لیوی، مہنگائی، بے روزگاری، مہنگی بجلی اور گیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔
وزیراعظم صرف 74 روپے کی کمی پر اکتفا نہ کریں بلکہ پٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کر کے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت تین سال کے لیے 225 روپے فی لیٹر پر فکس کرنے سے معیشت میں استحکام آئے گا، مہنگائی میں کمی ہوگی اور عوام کو ریلیف ملے گا۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے سینے سے بھاری پتھر اتار کر پٹرول پر عائد ظالمانہ لیوی ختم کریں اور عوام کو فوری ریلیف دیں۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت مہنگی گاڑیاں اور جہاز خریدنے، سرکاری مراعات اور حکمرانوں کی تنخواہوں میں اضافے کے بجائے پٹرول پر عائد لیوی ختم کرے۔

آج عوام دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں جبکہ حکمران طبقہ عیش و عشرت کی زندگی گزار رہا ہے۔ ایوانوں میں کھڑے ہو کر عوام کو خوشخبریاں سنانے والے حکمران عام آدمی کے مسائل سے مکمل طور پر بے خبر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں روپے تنخواہیں اور بے شمار مراعات حاصل کرنے والوں کو لگتا ہے کہ عام آدمی خوشحال زندگی گزار رہا ہے، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بجلی و گیس کے بھاری بلوں کے بوجھ تلے دب چکی ہے۔
جماعت اسلامی عوام کو پٹرول کی قیمت کم کرتے ہوئے حقیقی ریلیف دیے بغیر حکمرانوں کو سکون سے نہیں بیٹھنے دے گی۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے پٹرول کی قیمت مزید کم نا کی تو جماعت اسلامی شٹر ڈاؤن، پہیہ جام ہڑتال اور حکومتی ایوانوں کے گھیراؤ سمیت ہر جمہوری اور آئینی آپشن استعمال کرے گی۔
انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں متحد ہو کر اپنے حقوق کے حصول کی جدوجہد میں جماعت اسلامی کا دست و بازو بنے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس شدید گرمی میں بھی عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے اور کسی سیاسی ایجنڈے یا ذاتی مفاد کے بغیر ملک کے عام اور غریب آدمی کے ساتھ کھڑی ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ قوم اپنے حقوق کے تحفظ اور ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت کا ساتھ دے۔
