لاہور شہر میں کئی مہینوں سے جاری ادھورے ترقیاتی کام حکومتی نااہلی اور بدنیتی یے ۔ جماعت اسلامی گلی محلے کے شہری مسائل پر بھرپور توانا آواز بن عوام میں مقبولیت حاصل کررہی ہے ۔
عوامی کمیٹیاں ، پبلک ایڈ کمیٹی شہری مسائل کے حل کیلئے لاہوریوں کی آواز بن چکی ہے ۔ قائم مقام امیر جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال کی میڈیا سے گفتگو
لاہور (میاں انوار الا سلام کمیانہ سے ): قائم مقام امیر جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں نے ملک بھر، خصوصاً لاہور میں حکومتی نااہلی اور بدانتظامی کو بے نقاب کر دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہرِ لاہور میں کئی ماہ سے جاری ادھورے ترقیاتی منصوبے نہ صرف شہریوں کیلئے اذیت کا سبب بنے ہوئے ہیں، بلکہ یہ حکومتی بدنیتی اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ اظہر بلال نے کہا کہ بارش کے باعث سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی ہیں ۔
نکاسی آب کا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں، جبکہ دعووں کے برعکس، میٹروپولیٹن انتظامیہ مکمل طور پر غیر فعال نظر آتی ہے۔ شہریوں کو معمولی بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو جاتا یے ، بجلی کی بندش اور گندے پانی کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ سے گلی محلے کے مسائل کو اجاگر کرنے والی اور عوام کی ترجمانی کرنے والی قوت رہی ہے۔ آج بھی جماعت اسلامی لاہور کی “عوامی کمیٹیاں” اور “پبلک ایڈ کمیٹی” شہری مسائل کے حل کے لیے متحرک کردار ادا کر رہی ہیں۔
عوامی کمیٹیوں کے ذریعے نہ عوام کے مسائل کو اُجاگر کیا جارہا ہے بلکہ انہیں متعلقہ اداروں تک پہنچایا بھی جا رہا ہے۔ اظہر بلال نے زور دیا کہ اگر حکومت اور انتظامیہ نے اپنی روش نہ بدلی تو جماعت اسلامی شہریوں کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاجی مہم کا آغاز کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ حکمران جواب دہ ہوں۔ آخر میں انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ لاہور کو ایک حقیقی صاف ستھرا ، باغوں ، پھولوں، باوقار اور ترقی یافتہ شہر بنایا جا سکے
