راولپنڈی۔ ڈیلی ٹائمز(ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک بحریہ نے شمالی بحیرۂ عرب میں شاندار فائر پاور کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایف ایم-90 (این) ای آر (ER) سطح سے فضا تک مار کرنے والے میزائل کی کامیاب لائیو فائرنگ کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اس میزائل فائرنگ کا مقصد پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری اور جدید جنگی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کرنا تھا۔ ترجمان نے کہا بحریہ کے بحری جنگی جہاز نے انتہائی تیز رفتار اور اعلیٰ مینوریبل فضائی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جس سے بحریہ کی فضائی دفاعی صلاحیتوں کی مؤثر تصدیق ہوئی اور لائیو ویپن فائرنگ کے ذریعے بحریہ کی جدید جنگی صلاحیت ایک بار پھر اجاگر ہوئی۔
اس موقع پر کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل عبدالمنیب نے فائر پاور کے مظاہرے کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے فائرنگ میں شریک افسران اور جوانوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، تربیت اور عزم کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
ریئر ایڈمرل عبدالمنیب نے قومی بحری دفاع کو ہر صورت یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ پاکستان کے سمندری دفاع اور بحری مفادات کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کامیاب فائرنگ خطے میں بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں پاک بحریہ کی مضبوط دفاعی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ تیاری کا واضح ثبوت ہے۔