لاہور میں بڑھتے ہوئے شہری مسائل نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور لاہور مسائلستان بنتا جا رہا ہے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ
لاہور۔ ڈیلی ٹائمز(انوارالسلام کمیانہ) سید مودودی اسلامک سنٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاالدین انصاری نے کہا کہ صوبائی حکومت کی نااہلی، ناقص منصوبہ بندی اور عدم توجہی کے باعث لاہور مسائلستان کی تصویر پیش کر رہا ہے جہاں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلی محلوں میں آوارہ کتوں کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے جو شہریوں خصوصاً بچوں کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ حالیہ واقعے میں عیدالفطر کے روز ایک بچی کی ہلاکت نے حکومتی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
مزید برآں ٹریفک پولیس کی جانب سے بھاری جرمانے اور بلاجواز چالان شہریوں کے لیے مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں جبکہ حکومت ریونیو اہداف پورے کرنے کے لیے عوام پر بوجھ ڈال رہی ہے۔ لاہور مسائلستان کی صورتحال اس وقت مزید خراب ہو چکی ہے جہاں کھلے مین ہولز، گندگی کے ڈھیر، ناقص سیوریج نظام اور بارشوں کے بعد پانی جمع ہونا معمول بن گیا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر آوارہ کتوں کے خاتمے، صفائی کے نظام کی بہتری، سیوریج کی درستگی اور شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں، بصورت دیگر احتجاج کیا جائے گا۔
