پنجاب حکومت نے ہیلمٹ لازمی قرار دے دیا

پنجاب میں ہیلمٹ کی پابندی اور بڑھتے چالان – بلیک مارکیٹ اور آن لائن فراڈ کا خطرناک اضافہ

کالم/بلاگز

پنجاب حکومت نے حال ہی میں ہیلمٹ کی پابندی کو سخت کرنے کے بعد پورے صوبے میں موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ پہننا لازم قرار دے دیا ہے۔ ٹریفک قوانین کے مطابق، جو شہری ہیلمٹ کے بغیر سفر کرے گا اسے دو ہزار روپے تک چالان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے

 اس فیصلے کا مقصد سڑک حادثات میں ہونے والے جانی نقصان کو کم کرنا ہے، مگر اس پابندی کے بعد مارکیٹ میں ایک نیا بحران پیدا ہو گیا ہے۔

لاہور کی مشہور ہول سیل مارکیٹ میکلوڈ روڈ میں اس وقت ہیلمٹ کی شدید قلت ہے۔ دکانداروں نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہیلمٹ کی قیمتیں کئی گنا بڑھا دی ہیں۔ عام ہیلمٹ جو پہلے 800 سے 1200 روپے میں دستیاب تھا، اب 2000 سے 3500 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ شہریوں کی مجبوری اور جرمانے کے خوف نے بلیک مارکیٹ کو مزید مضبوط کر دیا ہے۔

اسی دوران، سوشل میڈیا پر آن لائن ہیلمٹ فراڈ بھی بڑھ گیا ہے۔ فیس بک اور انسٹاگرام پر جعلی پیجز کم قیمت پر ہیلمٹ دینے کا دعویٰ کر کے لوگوں سے ایڈوانس پیمنٹ لے رہے ہیں۔ ہزاروں لوگ اپنی جیبوں سے پیسے گنوا چکے ہیں جبکہ انہیں ہیلمٹ آج تک نہیں ملا۔ یہ صورتحال شہریوں کے لیے ایک نیا چیلنج بن چکی ہے۔

ماہرین کے مطابق، آن لائن خریداری سے پہلے دکاندار کی تصدیق، مکمل تفصیلات، ویڈیو کال اور دکان کا ثبوت لینا ضروری ہے۔ فوری ڈیل، کم قیمت اور ایڈوانس ادائیگی کا مطالبہ کرنے والے پیجز بڑی حد تک فراڈ نکلتے ہیں۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ صرف معتبر، معروف یا رجسٹرڈ دکاندار سے ہی خریداری کریں تاکہ نہ چالان ہو اور نہ پیسے کا نقصان۔

موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ماہرین یہ بھی تجویز دے رہے ہیں کہ پنجاب حکومت کو چاہیے کہ وہ چالان کے نظام میں ایک مؤثر تبدیلی لائے۔ اگر ٹریفک پولیس چالان کے پیسوں میں موقع پر ہی ہیلمٹ فراہم کرنے کا سسٹم شروع کر دے تو اس سے نہ صرف موٹر سائیکل سواروں کی سہولت بڑھے گی بلکہ بلیک مارکیٹ اور مہنگے ہیلمٹ بیچنے والے دکانداروں کی حوصلہ شکنی بھی ہو گی۔

شہری جرمانہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ فوراً سرکاری نرخ پر معیاری ہیلمٹ حاصل کر سکیں گے، جس سے مارکیٹ میں مصنوعی قلت اور ناجائز منافع خوری کا خاتمہ ہو سکے گا۔

اگر حکومت یہ قدم اٹھاتی ہے تو موٹر سائیکل سوار نہ بلیک مارکیٹ کے رحم و کرم پر ہوں گے اور نہ ہی آن لائن فراڈ کا شکار بنیں گے۔ اس اقدام سے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد بہتر ہوگا، حادثات میں کمی آئے گی، اور شہریوں میں اعتماد بڑھے گا کہ حکومت واقعی ان کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے

بلاگز۔ فیاض مدثر

پنجاب حکومت نے ہیلمٹ کو لازمی قرار دے دیا

Email: fiazmudassar@gmail.com

WhatsApp: 03114366443

Shares