لاہور۔ ڈیلی ٹائمز(فیاض مدثر) ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور کے زیر اہتمام جیلانی پارک میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے ملازمین کے اعزاز میں کرسمس کی مناسبت سے کیک کٹنگ کی پُروقار تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب کا مقصد اقلیتی ملازمین کی خوشیوں میں شرکت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کو اجاگر کرنا تھا۔ تقریب میں ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور راجہ منصور احمد نے مسیحی ملازمین کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹا۔
اس موقع پر ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور کے افسران اور مسیحی ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی راجہ منصور احمد نے کہا کہ ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور ہر سال اقلیتی ملازمین کی خوشیوں کا خصوصی خیال رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان تمام مذاہب کو یکساں حقوق فراہم کرتا ہے اور یہی اصول پاکستان کی بنیاد ہیں۔ایم ڈی نے کہا کہ برداشت، یکجہتی اور وحدت پاکستان کے بنیادی ستون ہیں، جبکہ ملک میں بسنے والی تمام اقلیتیں اور اقوام قومی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔